آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر اہتمام تحفظ اوقاف کانفرنس کے سلسلے میں میٹنگ اختتام پذیر
6اکتوبر 2024 کو کانفرنس حج ہائوس رانچی کے وسیع و عریض ہال میںہونا طے پایا : کنوینر
رانچی ( اسٹاف رپورٹر) مورخہ 12 ستمبر 2024 کو جھارکھنڈ کے ارکان بورڈ پر مشتمل مولانا ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی کی سربراہی میں نو تشکیل کمیٹی کی ایک غیر معمولی میٹنگ ڈاکٹر قاسمی کی دعوت پر بمقام سیمینار ہال عالم ہاسپٹل بریاتو ،رانچی میں رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ ڈاکٹر مجید عالم کی صدارت میں ہوی ۔
میٹنگ کا آغاز مولانا نصیر الدین فیضی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ ڈاکٹر یٰسین قاسمی نے اپنے افتتاحی خطبہ میں کہا کہ یہ میٹنگ ان تمام تنظیموں ، جماعتوں ، پنچایتوں ، علما ء و حفاظ ، ائمہ و خطبا سمیت ان افراد کی خدمت میں ہدیۂ تبریک و تشکر پیش کرتی ہے جو وقف ترمیمی بل 2024 کی مخالفت میں ہر ممکنہ جہت سے بہ طور خاص جے پی ایس (JPS) کو اپنی رائے بھیجوانے کے حوالے سےکوشاں ہیں ۔ اللہ ان کی جدوجہد اور خدمات جلیلہ کو شرف قبولیت سے ہم کنار کرے ، آمین۔ اس کے بعد ڈاکٹر قاسمی نے 10ستمبر 2024 کو کولکاتہ میں عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس کے موقع پر بورڈ کے اعلیٰ سطحی عہدیداران ؍ کور کمیٹی کے ذریعہ لیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا ، جس کی تلخیص ملاحظہ ہو : (۱) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی 6 اکتوبر ،2024 کو تحفظ اوقاف کانفرنس کا انعقاد بعد نماز مغرب متصلاً ہو گا ۔ (۲) اس کانفرنس کے کنوینر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی ہوں گے۔ (۳) کانفرنس کی صدارت مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر با وقار فقیہ العصرحضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب مدظلہ فرمائیں گے ، جب کہ بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا شاہ فضل الرحیم مجددی صاحب مدظلہ مہمان خصوصی ہوں گے ، ان کے علاوہ ملکی سطح کی سرکردہ شخصیات اور دیگر اراکین و عہدیداران بورڈ کی بھی شرکت ہوگی، ان شاء اللہ !اس پر میٹنگ کے شرکاء حضرات نے بہ یک آواز ان نکات کی تائید کی اور ’’ تحفظ اوقاف کانفرنس کی کامیابی کے لیے ہر ممکن مخلصانہ تعاون پیش کرنے کا عہد کیا ۔
ان امور کے علاوہ مندرجہ ذیل تجاویز بہ اتفاق طے پائیں :۔
(۱) تحفظ اوقاف کےحوالے سے عمومی بیداری پیدا کرنے کے لیے جھارکھنڈ کی بڑی آبادیوں اور شہروں کا دورہ کیاجائے ، خصوصی اجتماعات منعقد کی جائے اور ان مواقع پر وقف ترمیمی بل کے نقائص اور ا ن کے منفی اثرات اور مرکزی حکومت کی سازشوں سے حاضرین کو با خبر کرتے ہوئے انہیں اوقاف کے دستاویزات کی درستگی پر توجہ دلائی جائے ، نیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے ۔ (۲) وکلاء، ججز اور آفیسران کے علاوہ دیگر اقلیتی طبقات کے سربراہان کو شریک کانفرنس بنانے کی کوشش کی جائے ۔ (۳) سیاسی قائدین اور ایم ایل اے ، ایم پی حضرات کو بھی کانفرنس میں شرکت کے دعوت نامے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے وقف ترمیمی بل 2024 کے حوالے سے جاری کردہ میمورنڈم پیش کرنے کا اہتمام کیاجائے ۔ (۴) اسی ہفتہ کی کسی مناسب تاریخ میں علماء حفاظ ، ائمہ و خطبہ کے علاوہ مختلف تنظیموں ، جماعتوں اور پنچایتوں کے ذمہ داران اور سماجی کارکنان کی میٹنگ بلائی جائےاور تحفظ وقف کانفرنس کی کامیابی پر گفتگو کی جائے ۔ اس کے لیے وقت کا تعین مشورہ سے طے کرلیاجائے ۔ (۵) حاضرین میٹنگ کے درمیان کافی رد و قدح کے بعد اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ یہ کانفرنس حج ہائوس رانچی کے وسیع و عریض ہال میں منعقد کیاجائے ، چنانچہ جتنی جلد ممکن ہو اس کی بکنگ کرالی جائے ۔ واضح رہے کہ یہ کانفرنس 6 اکتوبر 2024 کو بعد نماز مغرب متصلاً ہو گی ۔ ان شاء اللہ ۔ (۶) مورخہ 13 ستمبر ،2024 جمعہ کا دن ہے جوجے پی سی (JPC) کو اپنی رائے بھیجنے کی آخری تاریخ ہے ۔ لہٰذا پورے انہماک کے ساتھ اس کار خیر کو انجام دیاجائے ۔