تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین کی مجوزہ 11 جنوری کی کانفرنس فی الحال ملتوی


رانچی: تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین کے صدر حضرت مولانا مفتی عبدالحسیب اورمولانا معراج اشرف ندوی سکریٹری تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین کے سرپرستوں ، عہدیداروں اور ذمےداروں کی ایک اہم ہنگامی نشست حضرت مولانا ڈاکٹر عبیداللہ قاسمی صدر جھارکھنڈ علماء بورڈ کی رہائش گاہ میں بروز جمعہ بعد نماز عصر انھیں کی صدارت میں ہوئی ، جس میں متفقہ طور پر فیصلہ لیا گیا کہ مساجد کے ائمہ و مؤذنین کی معاشی حالت کو بہتر سے بہتر بنانے کی غرض سے 11/ جنوری 2026 کو جو فکری سیمینار بعنوان ” ائمہ مساجد کی ذمے داریاں اور ان کے مسائل” ہونا تھا ، اسے بڑھتی ہوئی سردی اور چند ناگزیر وجوہات کی بناء پر فی الحال ملتوی کیا جاتا ہے ۔ مستقبل قریب میں علماء و ائمہ مساجد اور دانشورانِ قوم و ملت نیز سماجی و فلاحی کارکنان و مساجد کی کمیٹیوں کے ذمےداروں کے اشتراک سے ایک مستقل لائحہ عمل تیار کرکے اس پر بہت جلد عمل درآمد کیا جائے گا انشاء اللہ ۔مفتی عبدالحسیب نے کہاکہ تحفظِ ائمہ، مساجد و مؤذنین کا مقصد تمام مسالک و مکاتبِ فکر کے علما، ائمہ و مؤذنین کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی پیدا کرنا، ان کے حالاتِ زندگی، خدمات اور ضروریات کا قریب سے جائزہ لینا، اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔








