فکر اسلامی کی پوری قوت کے ساتھ ترویج واشاعت کریں : امیر شریعت


یوم تاسیس امارت شرعیہ کے موقع پر منعقد اجلاس سے حضرت امیر شریعت ودیگر علماء کرام کا خطاب
(پریس ریلیز ) اس وقت فکر اسلامی کو پوری قوت کے
ساتھ عام کرنے کی سخت ضرورت ہے کیونکہ اسی ف کے ذریعہ مسلمانوں کو وحدت واجتماعیت کی لڑی میں پرویا جاتا ہے ،اس فکر کوقوت وتوانائی بخشتے رہیں اور اس کی ترویج واشاعت کو اپنی زندگی کا اہم مشن بنائیں ،ان خیالات کا اظہار امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی نے یوم تاسیس امارت شرعیہ کی مناسبت سے منعقد خصوصی اجتماع ۱۹؍شوال المکرم ۱۴۴۷ ھ کو اپنے صدارتی خطاب میں کیا ،اس اجلاس میں امارت شرعیہ کے جملہ ذمہ دار اصحاب وکارکنان ،المعہد العالی لتدریب فی القضاء والافتاء ،دارالعلوم الاسلامیہ اور امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اداروں کے ذمہ دار ان نے بھی شرکت کی ،آج سے سوسال سے زیادہ عرصہ قبل۱۹؍شوال المکرم ۱۳۳۹ھ مطابق ۲۱ جون ۱۹۲۱ ء کو امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کا قیام عمل میں آیا ،اس طویل عرصہ میں امارت شرعیہ نے مختلف میدانوں میںتاریخی او رمثالی کارنامے انجام دیے اور ان کے اکابر نے تحفظ دین وشریعت اور فکر اسلامی کی بقاءاور حفاظت کی راہ میں ناقابل فراموش نقوش ثبت کئے ہیں ، حضرت امیر شریعت نے فرمایا کہ عہد نبوت سےآ ج تک ایمانی قوت سے ہی تنفیذ شریعت کا کا م لیاگیا اور یہی اصل سرمایہ ہے امت جس قدر احکام شریعت کو اجتماعی قوت کے ساتھ نافذ کرنے کی جدو جہد کرے گی اسی قدر وہ ترقی کے منازل طے کرےگی

،آپ نے فکر امارت کی عظمت و ہمہ گیر ی ،تاریخی تسلسل اور امارت شرعیہ کے اہداف ومقاصد پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اگر ہم سب اپنے کاموں کو محض رضا ء الہی کے لئے انجام دیںتو یقیناً کاموں کا حسن بڑھے گا اور آخرت کااجر دوبالا ہوگا،آج کا یہ اجلاس جہاں ہم سب کو امارت شرعیہ کے ماضی کی روشن خدمات یاد دلاتا ہے وہیں ہمارے اند رحال کی ذمہ داریوں کا احساس بھی پیدا کرتا ہے ،نیز مستقبل میں حوصلہ مندانہ عزائم کے ساتھ آگے بڑھنے کی دعوت بھی دیتا ہے ،حضرت مدظلہ نے ایران پر سپرپاور امریکہ کےحالیہ حملوں کا تذکر ہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ایرانی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند جم گئے تو امریکہ کو وقتی طورپر ہی سہی پیچھے ہٹنا پڑا ،یقیناً وحدت واجتماعیت میں بے مثال قوت ہے ۔ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ مولانامفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نےامارت شرعیہ کے نظام کار اور امراءشریعت بدر الکاملین حضرت مولانا سید شاہ بدر الدرین قادری ،حضرت مولانا شاہ محی الدین قادری اور حضرت مولانا سید شاہ قمر الدین قادری کی دینی علمی وفکری اوصاف وکمالات کا اعتراف اور امارت شرعیہ کے لئے ان کی بے مثال خدمات وقربانیوں کا تذکرہ کرنے کے بعد خانقاہ رحمانی مونگیر کےسجادگان میں امیر شریعت رابع حضرت مولانا سید منت اللہ رحمانی اور حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی کی مدبرانہ قیادت جرأت وبے باکی اور ادارہ کی ترقی کیلئے ان کی فکر مندی پر خراج تحسین پیش کیا ،نیز امیر شریعت خامس حضرت مولانا عبدالرحمن صاحب اورامیر شریعت سادس حضرت مولانا سید نظام الدین صاحب کے حسن انتظام اور قاضی مجاہد الاسلام قاسمی کی اقدامی صلاحیت ،حضرت مولانا عبد الصمد رحمانی صاحب کی علمی جلالت شان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان اولیاء کاملین نے امارت شرعیہ کو ترقی کے بام عروج پر پہونچایا ،امارت شرعیہ کے نظام کا ان کا بر کے اصولوں کے سایہ میں ترقی کی راہ پر گامزن رہنا بلاشبہ ان شخصیات کے لئے بہترین خراج عقیدت ہے،ضرورت ہے کہ ہم لوگ خدمت کے جذبے سے کاموں کو انجام دیں شخصیتیںآتی اور جاتی رہتی ہیں ،

ہم سب کو ادارہ کی ترقی کے لئے ہمیشہ فکرمندرہنا اور سبھوں کو بنیان مرصوص بن کر کام کرنا ہے ،امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے کہاکہ امارت شرعیہ کی خدمات کا دائر ہ وسیع ہوا اگر ہم سب سمع وطاعت کے جذبے سے کاموں کو انجام دیں گےتو اس سے ہماری صلاحیت میں نکھار بھی پیدا ہوگا اور کام بھی پایہ تکمیل کو پہونچے گا ،امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی محمد سہراب ندوی نے کہا کہ نظام امارت کی پونجی سمع وطاعت ہے اور یہ کارواں اسی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ترقی کررہا ہے ،مولانا مفتی احتکام الحق قاسمی قائم مقام مفتی امارت شرعیہ نے کہا کہ امارت شرعیہ دینی وعصری تعلیم کے فروغ میں قابل قدر کارنامہ انجام دے رہی ہیں اگر مزید اعلیٰ تعلیم کے ادارے قائم ہوں تو ملت کی مزید ضرورت پوری ہوسکتی ہے،مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت نے فکر سجاد کو اپنے اندر جذب کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہی فکر امارت ایمان کا حصہ ہے ،مولانا سہیل اختر قاسمی نائب قاضی شریعت نے کہا کہ ہم سبھوں کے عزائم مضبوط ہیں اور ان شاء اللہ

مضبوط تر رہیں گے ،مولانامنت اللہ قاسمی شیخ الحدیث دارالعلوم الاسلامیہ نے کہا کہ امارت شرعیہ کی تنظیم جس قدر مضبوط ہوگی امارت کی جڑیں مضبوط ہوں گی مولانا عبد الباسط ندوی سکریٹری المعہد العالی امارت شرعیہ نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پوری امت کو دین وشریعت سے جوڑیں یہ ہماری دینی وملی ذمہ داری ہے ، ،جناب ڈاکٹر یاسر حبیب صاحب نے کہا کہ امارت کا ماضی بھی روشن رہاہے اور ان شاء اللہ مستقبل بھی روشن رہےگا ،ڈاکٹر کمال وارث نے پارامیڈیکل کےترقیاتی کاموں کا خاکہ پیش کیا،مولانا احمد حسین مدنی معاون ناظم نے کہا کہ دنیا کی تمام تحریکات کی جڑ امارت شرعیہ سے پیوستہ ہے امارت مضبوط ہوگی تو تحریکات مضبوط ہوں گے ،مولانا رضوان احمد ندوی معاون ناظم امارت شرعیہ نے کہا کہ بانی امارت شرعیہ حضرت مولانا ابو المحاسن محمد سجاد ؒ کے اخلاص وللہیت کے باعث آج یہ ادارہ ترقی کی شاہ راہ پر گامزن ہے ،مولانا ابو الکلام شمسی معاون ناظم امارت شرعیہ نے کہا کہ اس وقت امارت شرعیہ کا کارواں حضرت امیر شریعت کی قیادت وامارت میں بڑی قوت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ،یوم تاسیس کی مجلس کا آغازمولانا مفتی محمد مجیب الرحمن قاسمی بھاگلپوری معاون قاضی شریعت کی تلاوت کلام پاک سے ہو ا،مولانا محمد شمیم اکر م رحمانی معاون قاضی شریعت نے بار گاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ،مجلس کی نظامت امارت شرعیہ کے فعال نائب ناظم مولانا مفتی محمد سہراب ندوی نے بحسن خوبی انجام دی آخر میں یہ مجلس حضرت امیر شریعت کی دعاء پر اختتام پذیر ہوئی ۔








