امارتِ شرعیہ جھارکھنڈ کے زیر اہتمام مشاورتی اجلاس آج،تیاری پوری


رانچی:(عادل رشید) ریاست جھارکھنڈ میں مسلمانوں کو درپیش تعلیمی، اخلاقی، سیاسی، سماجی اور معاشرتی چیلنجز سے نمٹنے اور امارتِ شرعیہ کے پیغام کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کے مقصد سے امارتِ شرعیہ جھارکھنڈ کے زیر اہتمام ایک نہایت اہم مشاورتی اجلاس 9 اکتوبر 2025ء بروز جمعرات بمقام گل بہار لاج، نزد جامع مسجد، اپر بازار، گوبندپور، دھنباد میں دن کے 10 بجے منعقد ہونے جا رہا ہے۔جس کی تیاری پوری کر لی گئی ہے۔ اس کی اطلاع مولانا محمد الیاس مظاہری (مہتمم جامعہ عثمان بن عفان و ڈائریکٹر جے یو اے پبلک اسکول،کھوری مہوا)نے ایک پریس بیان میں دی ہے۔مولانا محمد الیاس مظاہری نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے بدلتے ہوئے حالات اور چہار جانب سے بڑھتے ہوئے سماجی و تہذیبی دباؤ نے مسلمانوں کو نئے سرے سے اپنے تعلیمی، اخلاقی اور معاشرتی نظام پر غور کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ جھارکھنڈ جیسی ریاست میں مسلمانوں کی حالت تعلیم، سیاست اور سماج کے میدان میں خاص طور پر تشویش ناک ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اہلِ علم و دانش اور ملت کے ذمہ دار افراد یکجا ہو کر ان حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے کوئی مؤثر لائحہ عمل تیار کرنا۔انہوں نے مزید کہا کہ امارتِ شرعیہ جھارکھنڈ کا قیام اسی مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا ہے کہ ملت کے مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے نہ صرف موجودہ مسائل پر غور و خوض کیا جائے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اور مثبت اقدامات بھی کیے جائیں۔
امارت کے قیام کے بعد متعدد نشستیں مختلف اضلاع میں منعقد کی جا چکی ہیں، جن میں علمائے کرام، ائمۂ مساجد اور سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی ہے۔ اب اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ مشاورتی اجلاس بلایا گیا ہے تاکہ ایک مربوط حکمتِ عملی طے کی جا سکے۔مولانا مظاہری نے ریاست بھر کے علمائے کرام، ائمہ مساجد، دانشورانِ قوم و ملت اور سماجی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اس اجلاس میں بروقت شریک ہو کر اپنے قیمتی مشوروں سے نوازیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت کی اجتماعی رہنمائی اسی وقت ممکن ہے جب تمام طبقے مل بیٹھ کر سنجیدگی سے اپنے مسائل پر غور کریں اور متحدہ آواز میں کوئی لائحۂ عمل پیش کریں۔انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو وقت کی پابندی کی خصوصی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر آنے والوں کے لیے طعام کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ شرکاء اطمینان کے ساتھ اجلاس میں مکمل طور پر شریک رہ سکیں۔ ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی کہ جو حضرات اجلاس میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں وہ اپنی آمد کی پیشگی اطلاع ذیل میں دیے گئے نمبروں پر فراہم کریں تاکہ ان کے لیے سہولیات کا بہتر بندوبست کیا جا سکے۔انہوں نے مزید معلومات کےلیے درج ذیل رابطہ نمبرات کا بھی اشتراک کیا:حافظ محمد طلحہ اشاعتی صاحب دھنباد (کنوینر): 9155632985مولانا محمد مجاہد اعظم ندوی صاحب دھنباد (معاون کنوینر): 7004985292ڈاکٹر غلام صمدانی صاحب دھنباد (معاون کنوینر): 6204564386اجلاس کی سرپرستی حضرت مولانا عنایت کلیم قاسمی ناظم انگلو عربک گوبندپوراور حضرت مولانا مفتی محمد وصی صاحب قاسمی دھنباد کریں گے۔مولانا محمد الیاس مظاہری نے امید ظاہر کی کہ یہ مشاورتی اجلاس ملتِ اسلامیہ جھارکھنڈ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا، اور اس کے نتیجے میں تعلیمی، اخلاقی اور سماجی میدان میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے تمام طبقات سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ اپنی آئندہ نسل کے مستقبل کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔
