Ranchi Jharkhand News

تحفظ اوقاف کانفرنس رانچی کو کامیاب بنانا ہمارا ملی فریضہ

Share the post

کانفرنس کی کامیابی کے لیے راعین پنچایت کی جانب سے خطیر رقم کی پیشکش قابل مبارک باد : کنوینر

رانچی ( اسٹاف رپورٹر) 24 اکتوبر ،2024 کو بعد نماز مغرب راعین اسکول لیک روڈ، رانچی کے ہال میں ایک اہم نشست زیر صدارت حضرت مولانا مفتی نذر توحید صاحب ہوئی ۔ نشست کا آغاز قاضی شہر جان محمد مصطفوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ موصوف نے اس کے بعد اپنے مخصوص انداز میں نعت شریف پڑھی ۔ تحفظ اوقاف کانفرنس کے کنوینر ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی نے اوقاف کی شرعی و آئینی حیثیت پر روشنی ڈالی ، نیز مجلس استقبالیہ کی اب تک کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کربلا چوک میں واقع گلشن ہال میں کیمپ آفس مجلس استقبالیہ کا افتتاح کیا جا چکا ہے ، جس کے کھلنے کا وقت بالعموم بعد نماز مغرب ہے ۔ دعوت نامے ، اشتہار ، کتابچہ بہ عنوان ’’خلاصہ وقف ایکٹ 1995اور وقف ترمیمی بل 2024کا تقابلی جائزہ ‘‘کی اشاعت کی تعداد طے ہونے کے بعد اسے جلد از جلد طبع کرا لینے کی بات کہی گئی ۔ تقسیم کار کے ضمن میں مندرجہ ذیل ٹیمیں بنائی گئیں ۔ (۱) رضاکاروں کی ٹیم (Volunteers Team)، جس کے سربراہ جناب ندیم خان ہوں گے۔ ان کے ساتھ 40-50احباب رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کریں گے۔ (۲) جناب ممتاز خان ایڈوکیٹ کی سربراہی میں 5 افراد پر مشتمل فراہمی مالیات کی ٹیم تشکیل کی گئی ۔ (۳) دیہی و شہری حلقوں کے دورے کے لیے مولانا صابر حسین مظاہری ( موہن پور ) مولانا اصغر مصباحی، مولانا ضیا ء الہدی اصلاحی ، مولانا طلحہ ندوی ، مفتی طلحہ ندوی ، قاضی شہر جان محمد مصطفوی، مولانا یٰسین قاسمی و دیگر علمائے کرام پر مشتمل ٹیم کی تشکیلک کی گئی ۔ میڈیا ٹیم میں عادل رشید ، غلام شاہد ، شہروز قمر،سید نہال اور شفیق انصاری شامل ہوں گے ، جو ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی ( کنوینر ) کے مشورے سے اس اہم فریضہ کو انجام دیں گے۔ (۵) علما ء ، ائمہ اور خطبا پر مشتمل ایک اہم نشست 30ستمبر بروز سوموار صبح 10 بجے سے راعین مسجد ، لیک روڈ ، رانچی میں رکھی گئی ہے ۔ مولانا صابر حسین مظاہری ( موہن پور) مفتی طلحہ ندوی ، مولانا اصغر مصباحی ، مولانا طلحہ ندوی اور مولانا یسین قاسمی کی مشترکہ دستخط سے ان حضرات کو دعوت نامے پیش کئے جائیں گے ۔ نشست میں شرکت کی دعوت کے ضمن میں ان سے یہ بھی درخواست کی جائے گی کہ وہ اس جمعہ کے خطاب میں وقف پر روشنی ڈالیں اور مصلین کو اطلاع دیں کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام تحفظ اوقاف کانفرنس کا انعقاد 6 اکتوبر ، 2024 بروز اتوار ، بعد نماز مغرب ہونے جارہی ہے ۔ موضوع کی حساسیت کا تقاضہ ہے کہ آپ سبھی لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں کانفرنس میں شریک ہوں ۔
میٹنگ کے اختتام پر (بعد نماز ظہر ) ظہرانہ (Lunch) کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ضیافت کی پیشکش حاجی فیروز راعین صاحب نے کی ہے ۔اللہ مہمان نوازی کو قبول فرمائے۔آمین!
دوران پروگرام حاجی فیروز صاحب صدر راعین پنچایت کی قیادت میں جناب استخار احمد صاحب کے ہاتھوں اس پنچایت کی جانب سے کانفرنس کی کامیابی کےلیے ایک خطیررقم پیش کی گئی ، جس پر حاضرین نے اظہار تشکر کیا اور دل کی گہرائیوں سے ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں دی۔
اخیر میں اس نشست کے صدر مفتی نذر توحید مظاہری رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اوقاف کی شرعی حیثیت کی وضاحت کی اور کئی مثالیں دیتے ہوئے نہایت پر مغز اور مؤثر گفتگو فرمائی ۔ موصوف کی رقت آمیزدعائوں کے بعد نشست کے اختتام کا اعلان کیا گیا ۔

Leave a Response