چھ اضلاع پر مشتمل بین المدارس مسابقۂ حفظ قرآن کریم کا انعقاد آئندہ ماہ


رجسٹریشن 15 دسمبر تک،71 ہزار روپے کے نقد انعامات کا اعلان
رانچی (پریس ریلیز)
مدرسہ اسلامیہ محمودیہ سرسا، مڑما، میسال، مانڈر (رانچی) کے زیرِ انتظام آئندہ ماہ منعقد ہونے والے بین المدارس قرآن کریم مسابقے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔ مسابقہ ضلع رانچی، لوہردگا، گملا، سمڈیگا، کھونٹی اور رام گڑھ کے مدارس کے طلبہ کے درمیان ہوگا، اور متعلقہ اضلاع کے تمام مدارس کے ذمہ داران سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

مسابقہ تین زمروں پر مشتمل ہوگا: زمرہ اول (پارہ 1 تا 10)، زمرہ ثانی (پارہ 1 تا 20) اور زمرہ ثالث (مکمل قرآن کریم)۔ تجوید کے حصے میں مخارج، حروف مستعلیہ و مستفلہ، میم و نون ساکن، مد، قلقلہ اور وقف جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔ ہر امیدوار سے قرآن اور تجوید کے تین تین سوالات کیے جائیں گے جو پہلے سے بند لفافوں میں موجود ہوں گے۔ غلطی کی صورت میں مختصر مہلت دی جائے گی، ورنہ اگلا سوال لیا جائے گا۔ تین حضراتِ حکم کے پاس 100 نمبر دینے کا اختیار ہوگا، اور فیصلہ حتمی ہوگا۔
شرکت کی شرائط کے مطابق ہر مدرسہ ہر زمرے میں صرف ایک طالب علم نامزد کرسکے گا۔ زمرہ اول کے لیے عمر حد 12 سال، زمرہ ثانی کے لیے 14 سال اور زمرہ ثالث کے لیے 17 سال مقرر کی گئی ہے۔ عمر کے ثبوت کے لیے آدھار کارڈ یا پیدائشی سرٹیفکیٹ کی فوٹو کاپی لازمی ہوگی۔ مسابقہ صرف طلبہ تک محدود ہے؛ طالبات شریک نہیں ہوسکیں گی۔ فارم میں درج نام بعد میں تبدیل نہیں ہوسکے گا۔
فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 24 جمادی الاخرۃ 1447ھ مطابق 15 دسمبر 2025ء مقرر ہے۔ فارم بالمشافہ مفتی ساجد مظاہری یا مولانا جاوید مظاہری کے پاس جمع کیے جائیں گے، جب کہ واٹس ایپ کے ذریعے بھی ارسال کیے جاسکتے ہیں:
7667895961 / 6392345090 / 9939160880۔ مدارس کو اپنے لیٹر پیڈ پر یہ تصدیق بھی ضروری طور پر درج کرنی ہوگی کہ شریک طلبہ فی الوقت درجہ حفظ میں زیر تعلیم ہیں۔
انعامات کے مطابق زمرہ اول میں اول انعام 8000 روپے، دوم 6000 اور سوم 4000 روپے؛ زمرہ ثانی میں اول انعام 10000، دوم 7000 اور سوم 5000 روپے؛ اور زمرہ ثالث میں اول انعام 15000 روپے، دوم 10000 اور سوم 6000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
تمام شریک طلبہ اور نگران اساتذہ کو 30 دسمبر 2025ء کو عشاء تک مرکزِ مسابقہ پہنچ کر رجسٹریشن کی توثیق کرنی ہوگی۔ 31 دسمبر 2025ء کو بعد نماز مغرب علماء کرام کے بیانات ہوں گے اور کامیاب طلبہ کو انعامات پیش کیے جائیں گے۔ مدارس کے ذمہ داران کے ساتھ تمام اہل ایمان سے گزارش کی گئی ہے کہ اس موقع پر اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔








