تحفظِ ائمہ و مساجد و مؤذنین کے وفد کا اہم دورہ


ودھائک سوریش کمار بیٹھا جی کی رہائش گاہ پر ملاقات، دینی و سماجی امور پر تفصیلی گفتگو

(نمائندۂ خصوصی: )
کانکے، 11 نومبر:
آج تحفظِ ائمہ و مساجد و مؤذنین کے ذمہ داران کا ایک نمائندہ وفد کانکے کے معزز ودھائک عالی جناب سوریش کمار بیٹھا جی کی رہائش گاہ پر پہنچا، جہاں نہایت خوشگوار، سنجیدہ اور خلوص و محبت کے ماحول میں ملاقات عمل میں آئی۔
وفد کی قیادت تنظیم کے صدر حضرت مولانا مفتی عبدالحسیب صاحب دامت برکاتہم نے کی۔ ان کے ہمراہ معروف عالمِ دین مولانا معراج اشرف ندوی صاحب، تنظیم کے سرگرم رکن قاری ثناء اللہ صاحب اور دیگر اراکین شریک تھے۔
ملاقات کے دوران علاقہ کے ائمہ، مساجد اور مؤذنین کے مسائل، ان کے حقوق اور تنظیمی خدمات کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ودھائک سوریش کمار بیٹھا جی نے اس موقع پر کہا کہ وہ دینی و سماجی خدمات انجام دینے والے ائمہ و مؤذنین کے ساتھ ہیں اور ان کے ہر جائز مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
مولانا معراج اشرف ندوی صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: “ودھائک سوریش کمار بیٹھا جی کے بارے میں ہم نے بہت کچھ سنا تھا، آج پہلی بار ملاقات ہوئی تو دل خوشی سے بھر گیا۔ وہ نہایت خلیق، منکسر المزاج، عوام دوست اور دردِ دل رکھنے والے شخص ہیں۔ ہمارے احترام میں اپنے مصروف وقت سے وقت نکالا اور بڑی محبت و خلوص سے بات کی۔”مولانا ندوی صاحب نے مزید کہا:“ودھائک صاحب نے یقین دلایا ہے کہ ان شاء اللہ ہم جلد بیٹھ کر تفصیلی بات چیت کریں گے اور تحفظِ ائمہ و مساجد و مؤذنین کے مشن کو آگے بڑھانے میں بھرپور تعاون کریں گے۔”
حضرت مفتی عبدالحسیب صاحب نے کہا:“ودھائک سوریش کمار بیٹھا جی کا تعاون ہمارے لیے باعثِ اطمینان اور حوصلہ افزا ہے۔ وہ واقعی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی وہ دینی و سماجی خدمات میں تنظیم کا ساتھ دیتے رہیں گے۔”
اس ملاقات میں عالی جناب شمیم صاحب (ایم ایل اے نمائندہ بڑے ہار ہرہری) اور کھٹنگا محرم کمیٹی کے صدر جناب زیارت حسین صاحب اپنے رفقا کے ساتھ شریک ہوئے۔ دونوں حضرات نے نہایت خلوص اور محبت سے گفتگو کی اور تنظیم کے ہر دینی و سماجی مشن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے اختتام پر تنظیم کی جانب سے ودھائک سوریش کمار بیٹھا جی کو اعزازی سرپرست کے منصب سے نوازا گیا۔
آخر میں مولانا معراج اشرف ندوی، حضرت مفتی عبدالحسیب صاحب، قاری ثناء اللہ صاحب اور دیگر اراکین نے ودھائک سوریش کمار بیٹھا جی، نمائندہ شمیم صاحب اور صدر زیارت حسین صاحب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے قیمتی وقت میں سے وقت نکال کر وفد سے ملاقات کی اور دینی و ملی تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔ کانکے ودھان سبھا اور اس کے اطراف میں ائمہ و علما کے لیے یہ ایک خوش آئند پیغام ہے کہ ودھائک سوریش کمار بیٹھا جی نے ان کے مسائل کے حل کے لیے جلد مثبت فیصلے لینے کا یقین دلایا ہے۔








