All India NewsBlogJharkhand News

دارالعلوم اسلام نگر جاڑی بناپیڑھی سے ندوۃ العلماء لکھنؤ کے لیے طلباء کا قافلہ روانہ

Share the post

آج بتاریخ 20 جنوری 2026 بروز منگل دارالعلوم اسلام نگر جاڑی، بناپیڑھی، رانچی سے طلباء کا قافلہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے سالانہ امتحان میں شرکت کے لیے روانہ ہوا۔ الحمد للہ ہر سال عربی پنجم (عالیہ اولی ) کی تعلیم مکمل کرکے طلباء ندوۃ العلماء کا رخ کرتے ہیں ، اور وہاں پر عالمیت کی تکمیل کرتے ہیں، یہ سلسلہ تقریباً 25 سالوں سے جاری ہے ، امسال بھی جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 12 طلباء سالانہ امتحان میں شریک ہونے کے لیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر دارالعلوم اسلام نگر کے ناظم مولانا ضیاء الہدی اصلاحی نے طلباء کو نصیحت کی اور نیک مشوروں سے نوازا ، اسی طرح دارالعلوم کے اساتذہ کرام نے بھی طلباء کو اپنی نیک دعاؤں سے نوازا ، اور دارالعلوم کے جونئیر طلباء نے نم آنکھوں سے اپنے سینئیر رفقاء کو الوداع کہا۔
واضح رہے کے دارالعلوم اسلام نگر کی بنیاد مولانا عبد الرحمن کامی رحمۃ اللہ علیہ نے علاقہ کے افراد کے تعاون سے 1960 میں رکھی تھی ۔ یہ مدرسہ تقریبا 65 سالوں سے دینی، علمی، ادبی ، تربیتی ، فکری اور اسلامی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ابتداء ہی سے اس مدرسہ کے نصاب تعلیم میں دینیات کے ساتھ ساتھ عصریات کو بھی شامل کیا گیا۔ 1995 میں یہ ادارہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کی شاخ بنا ۔ اس وقت سے آج تک ہر سال طلبہ کی ایک معتد بہ تعداد عالیہ اولی (عربی پنجم) کی تعلیم مکمل کرکے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ جاتی ہے، اور بفضل خدا تمام طلباء ہر سال اچھے نمبرات سے کامیاب ہوتے ہیں۔ اور پھر دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ سے عالمیت و فضیلت کی تعلیم کی تکمیل کرتے ہیں۔ اس ادارہ کی یہ خصوصیت ہے کہ یہاں پر عربی پنجم تک قرآن، تفسیر، حدیث ، فقہ، اردو و عربی زبان و ادب کے ساتھ ساتھ ہندی، انگریزی ، حساب اور سائنس کی تعلیم میٹرک تک جھارکھنڈ بورڈ کے مطابق فراہم کی جاتی ہے۔ اپنی اس خصوصیت کی وجہ سے یہ ادارہ آج پورے جھارکھنڈ میں اپنا نمایاں مقام و اہمیت رکھتا ہے۔ آپ بھی اپنے نو نہالوں کے بہتر مستقبل کے لئے اس ادارہ کا انتخاب کریں۔
اس موقع پر دارالعلوم کے منتظمین ، اساتذہ و طلباء اور دور دراز کے تشریف لاۓ ہوۓ مہمانان موجود تھے۔

Leave a Response