Blog

وقف ترمیمی بل کے خلاف اپنی رائے جےپی سی تک ضرور پہنچائیں

Share the post

رانچی:مسجد عمر کاٹم کولی ،کانکے میں اصلاح معاشرہ اور ہماری ذمہ داری کے عنوان سے کانکے بلاک کے مغربی ژون کے علما، ائمہ، خطبا ،انجمنوں کے ذمہ داران اور سماجی کارکنان پر مشتمل ایک مشاورتی نشست منعقد ہوئی۔ نشست کا آغاز قاری صہیب احمد کی تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا۔ نشست کی صدارت مجلس علما جھارکھنڈ کے صدر مولانا صابر حسین مظاہری نے کی۔ ابتدا میں مفتی طلحہ ندوی جنرل سکریٹری نے مجلس علماجھارکھنڈ کا تعارف اور اغراض و مقاصد کو بیان کیا۔ مفتی شبیر احمد قاسمی نے معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں کو ختم کرنے کے سلسلے میں گفتگو کی۔ مفتی ابوعبیدہ قاسمی رکن مجلس عاملہ مجلس علماجھارکھنڈ نے پُر مغز خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے علما اورعوام کی ذمہ داریوں کو بیان کیا۔

نشست میں مندرجہ ذیل تجاویز طے پائی۔ کانکے بلاک کے مغربی ژون کو تین حصوں میںتقسیم کیاگیا۔ کاٹم کولی حلقے کاکنوینر مولانا مختار کو بنایاگیااور معاون کنوینر مولانا روح الامین ،شمس الحق ، عابد علی ۔اصلاح معاشرہ کے کاموں کو فعال اور متحرک کرنے کے لیے ہر حلقے والے 15دن میں مشورہ کریں گے اور ژون والے دو ماہ میں ، بلاک والے تین ماہ میں ۔یہ تمام لوگ مشورے کے مطابق بلاک ژون اور حلقوں میں کام کریں گے ۔ نکاح مسجدمیں کیاجائے اور فضول خرچی سے بچا جائے ۔ مغربی ژون کی آئندہ نشست 29؍ستمبر بروز اتوار اروگٹو کانکے میں ہو گی۔
مجلس علماجھارکھنڈ مسلمانوں کی تمام دینی و ملی ،جماعتوں ،اداروں ،انجمنوں، پنچایتوں ، تنظیموں، کمیٹیوں، مساجد ،مدارس ،تمام مکاتب فکر و مسالک سے وابستہ ذمہ دار افراد و شخصیات سے درخواست ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اپیل کے مطابق جے پی سی کو وقف ترمیمی بل کے خلاف زیادہ سے زیادہ رائے ضرور بھیجیں۔ اس سلسلے میں مسلم پرسنل لابورڈ کی جانب سے لنک بھی جاری کیاگیا ہے۔ جلد ہی رانچی شہر میں اوقاف کے مسئلے پر کانفرنس کا انعقاد کیاجائے گا۔ جس میں اوقاف کی شرعی حیثیت ،اہمیت و ضرورت، درپیش خطرات اور تحفظ کے اقدامات پر گفتگو کی جائے گی۔ نشست کا اختتام مولانا صابر حسین مظاہری کی دعا سے ہوا۔ نشست کو کامیاب بنانے میں کاٹم کولی کے ذمہ داران ،علما اور نوجوانوں نے اہم رول ادا کیا۔ اس موقع پر مولانا صابر حسین مظاہری، مفتی طلحہ ندوی ،مولانا عبد الحکیم ندوی، مولانا شرف الحق ندوی، قاری صہیب احمد، مفتی ابو عبیدہ قاسمی ،قاری انعام الحق ، مولانا عبد المنان قاسمی، مفتی شبیر قاسمی، مولانا انصار الحق، مولانا شمس تبریز ،مولانا یوسف، قاری جان محمد، مولانا مشتاق احمد،حافظ عرفان ،حافظ شہنواز،مولانا روح الامین ، مولانا کوثر سیوانی ،مولانا ابو بکر صدیق ندوی، شمس الحق، ناظر حسین، عابد علی اور ان کے علاوہ سیکڑوں لوگ موجود تھے۔

Leave a Response