مدرسہ حسینیہ کڈرو، رانچی کی مجلس شوریٰ کا یک روزہ اجلاس بحسن و خوبی اختتام پذیر


امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم مدرسہ کے مستقل صدر منتخب
مورخہ 23 اکتوبر 2026ء مطابق 11 جمادی الاولیٰ 1448ھ (بروز جمعہ)، مدرسہ حسینیہ کڈرو، رانچی کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس دفتر جمعیۃ علماء ہند، دہلی میں زیر صدارت امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم منعقد ہوا۔ یہ اجلاس دو نشستوں پر مشتمل تھا؛ پہلی نشست عصر سے مغرب تک اور دوسری مغرب سے شب 8 بجے تک جاری رہی۔
ایجنڈے کی دفعہ ایک کے تحت گزشتہ مجلس شوریٰ کی کارروائی کی خواندگی اور توثیق عمل میں آئی، جس پر صدر محترم نے دستخط ثبت فرمائے۔ دوسری دفعہ کے تحت مدرسے کے مہتمم حضرت مولانا محمد صاحب مدظلہ نے گزشتہ سالوں کی تعلیمی، تربیتی، تعمیری اور مالیاتی (آمد و صرف) رپورٹس پیش کیں۔ تمام اراکین شوریٰ نے پیش کردہ کارکردگی اور حسابات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں مدرسے کی ترقی کے حوالے سے کئی اہم تجاویز متفقہ طور پر منظور کی گئیں:
بچیوں کی تعلیم کے لیے ایک نئے اسکول کے قیام کی منظوری دی گئی۔ طلبہ کے لیے طعام گاہ (ڈائننگ ہال) کے نئے نقشے کو منظور کیا گیا۔ تعلیمی امور کی بہتری اور نگرانی کے لیے مزید لائحہ عمل طے کیا گیا۔ مجلس شوریٰ کی خالی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے درج ذیل تین نئے اراکین کا انتخاب عمل میں آیا:
حضرت مولانا فاروق صاحب (کیندراپاڑا، امیر شریعت اڑیسہ)، حضرت مولانا خلیل صاحب کیرو (رانچی)، ڈاکٹر مجید عالم صاحب (رانچی)
اجلاس کے دوران اراکین کی خصوصی درخواست پر امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم نے مدرسے کی باقاعدہ صدارت قبول فرمائی۔ علاوہ ازیں حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی مدظلہ العالی اور حضرت مفتی محمد سلمان منصور پوری صاحب مدظلہ العالی مدرسے کے نائب صدر ہوں گے۔
اجلاس میں شوریٰ کے سابق اراکین، حضرت مولانا عبدالصمد نعمانی اور حضرت مولانا حافظ فیاض الدین صاحب کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اس اہم نشست میں درج ذیل اکابرین نے شرکت فرمائی:
امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب، حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب، حضرت مفتی سلمان صاحب منصور پوری صاحب، حضرت مفتی جاوید اقبال صاحب (بہار)، حضرت مولانا مبین الحق صاحب (گریڈیہہ)، حضرت مولانا محمد صاحب (مہتمم مدرسہ)
مجلس کا اختتام حضرت امیر الہند دامت برکاتہم کی دعا پر ہوا۔ طے پایا کہ مجلس شوریٰ کا آئندہ اجلاس جلد ہی رانچی میں منعقد ہوگا، جس میں صدر محترم خصوصی طور پر تشریف لائیں گے۔








