All India NewsBlogJharkhand News

حاجی علی حسن مرحوم کے انتقال پر تعزیتی نشست، علماء کرام کی بڑی تعداد میں شرکت

Share the post

رانچی:حاجی علی حسن مرحوم کے انتقال پر تعزیتی نشست، علماء کرام کی بڑی تعداد میں شرکت۔محترم انیس الانصاری صاحب کے والدِ محترم حاجی علی حسن صاحب مرحوم کے انتقال پر تحفّظ ائمۂ مساجد و موذنین کے زیرِ اہتمام ایک پُراثر تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس تعزیتی پروگرام میں تنظیم کے صدر مفتی عبدالحسیب کے علاوہ ابراہیم ، خالد، عرفان اور قاری ثناء اللہ سمیت تنظیم کے تمام کارکنان نے شرکت کی۔تعزیتی نشست میں شہر اور اطراف سے بڑی تعداد میں علماءِ کرام، ائمۂ مساجد، موذنین اور معزز شخصیات تشریف لائیں۔

مجلس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے نعت و دعا کا اہتمام کیا گیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں مرحوم حاجی علی حسن کی دینی وابستگی، سادگی، حسنِ اخلاق، خلوص اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ علماء کرام نے کہا کہ مرحوم ایک نیک، شریف اور خاموش طبع انسان تھے۔ جنہوں نے اپنی زندگی ایمان داری اور وقار کے ساتھ گزاری۔ ان کا انتقال نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ پورے سماج کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔مفتی عبدالحسیب نے کہاکہ حاجی علی حسن مرحوم تحفّظ ائمۂ مساجد و موذنین کے سرپرست تھے۔اس موقع پر تمام شرکاء نے محترم انیس الانصاری اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم حاجی علی حسن کی کامل مغفرت فرمائے۔ ان کے درجات بلند کرے، انہیںجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل، حوصلہ اور استقامت نصیب فرمائے۔

تعزیتی مجلس کا اختتام اجتماعی دعا پر ہوا۔ جس میں مرحوم کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ساتھ امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور خیر و برکت کی دعائیں بھی کی گئیں۔اس تعزیتی نشست میں  تحفّظ ائمۂ مساجد و موذنین کے علاوہ مجلس علماء جھارکھنڈ کے صدر حضرت مولانا صابر حسین المظاہری،مدرسہ عالیہ عربیہ کانکے کے حضرت مولانا قاری مظفر،مدرسہ کلیتہ البنات پرہے پاٹ کے مہتمم حضرت مولانا عبداللہ ،ام حانی للبنات کے مہتمم حضرت قاری انعام کے علاوہ آس پاس کے کئی معززین شامل تھے۔
گم ہو گیا چراغ اب روشن کہے کسے
علی حسن تمہارے بعد اب ہم اپنا کہے کسے
مفتی عبدالحسیب

Leave a Response