All India NewsBlog

عالمِ اسلام کے دو درخشاں چراغ گل

Share the post

حضرت پیر ذوالفقار صاحبؒ اور حضرت مولانا اعجاز صاحب رحمانیؒ کے انتقال پر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کا گہرے رنج و غم کا اظہار

جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے صدر مولانا عبدالقیوم صاحب ، جنرل سیکرٹری شاہ عمیر صاحب و جملہ اراکین و خدام نے عالمِ اسلام کی عظیم اور باوقار شخصیت حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ اور خانقاہ رحمانی مونگیر کے نوجوان عالم دین اور مؤقر و مقبول استاد حضرت مولانا محمد اعجاز صاحب رحمہ اللہ کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم، صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
صدرِ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ اور جنرل سیکرٹری نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ حضرت پیر ذوالفقار صاحبؒ کا انتقال پوری امتِ مسلمہ، بالخصوص اہلِ علم و اصلاح کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ حضرت پیر صاحبؒ اپنے وقت کے جلیل القدر بزرگ، صاحبِ نسبت، مرشدِ کامل اور اصلاحِ باطن کے عظیم داعی تھے۔ ان کی پوری زندگی دعوت، تزکیۂ نفس، اتباعِ سنت اور امت کی اصلاح میں گزری۔ ان کی مجالس علم و ذکر نے بے شمار افراد کی زندگیوں کو بدل دیا اور ان کی شخصیت اخلاص، تقویٰ اور للہیت کا عملی نمونہ تھی۔ اسی طرح ایک اور نہایت افسوسناک سانحہ میں حضرت مولانا اعجاز صاحب رحمانیؒ کا اچانک انتقال بھی ملتِ اسلامیہ کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے۔ مولانا مرحومؒ دارالعلوم دیوبند میں منعقد ہونے والے اس عظیم الشان سیمینار میں شرکت کے بعد، جو حضرت مولانا انور شاہ کشمیریؒ کی علمی خدمات کے تعارف پر منعقد کیا گیا تھا، دہلی واپسی کے دوران ایک المناک حادثے کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مولانا اعجاز صاحب رحمانیؒ ایک ممتاز عالمِ دین، سنجیدہ محقق، شائستہ مزاج اور سادہ طبیعت کے حامل نوجوان عالم دین اور مؤقر و مقبول ترین استاد تھے۔ ان کی علمی بصیرت، اعتدال پسندی اور فکری گہرائی نے علمی حلقوں میں انہیں خاص مقام عطا کیا تھا۔ ان کا اس طرح ناگہانی طور پر ہم سے جدا ہو جانا علمی دنیا کے لیے ایک ایسا خلا ہے جو مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے صدر مولانا عبدالقیوم صاحب جنرل سیکرٹری شاہ عمیر صاحب، جملہ صدور و نظماء اور ضلعی و ریاستی خدام و کارکنان نے دونوں مرحومین کے اہلِ خانہ، متعلقین، شاگردوں اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ
اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے، درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ نیز پسماندگان کو صبرِ جمیل اور امتِ مسلمہ کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے آمین۔ آخر میں خدام جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے ملت اسلامیہ سے گذارش کی کہ وہ ان اکابر کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے علم، اخلاص، دعوت اور اصلاح کے اس مشن کو آگے بڑھائیں، یہی ان کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔

Leave a Response