تمل ناڈو گورمنٹ کی طرح دیگر حکومتوں کو بھی جناب رسول اللہ کی سیرتِ مبارکہ کو اسکولوں کے سلیبس میں شامل کرنا چاہیے


جمعیۃ علماء جامتاڑا کے ورکرس اجلاس سے خطاب کے دوران نائب صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا سید اسجد مدنی کا حکومتِ جھارکھنڈ سے مطالبہ
29 ستمبر جامتاڑا
آج جامعہ رشیدیہ مہتوڈیہ نرائن پور جامتاڑا کے وسیع میدان میں جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا کے زیرِ اہتمام تاریخی تربیتی اجلاس میں بڑی تعداد میں ضلع بھر کے جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا کے اراکین و ذمہ داران، علماء کرام اور مقامی جمعیتوں کے عہدیداران شریک ہوئے، جس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے قومی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا سید اسجد مدنی شریک ہوئے۔

نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے پر ہجوم اجلاس سے خطاب میں اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی جمعیۃ کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی، مولانا مدنی نے اپنی تقریر میں آج سے پچیس سال پہلے مولانا حسین احمد مدنی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ذریعہ جھارکھنڈ اورجامتاڑا کے گاؤں گاؤں میں میں انجام دی گئیں خدمات کویاد کرتے ہوئے انہیں محض اللہ کا فضل وکرم اور اس کی توفیق قرار دیا۔
یاد رہے کہ حضرت مولانا سید اسجد مدنی پچھلے پچیس سالوں سے جھارکھنڈ میں دینی، تعلیمی، رفاہی اور اصلاحی خدمات میں ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ پچھلے تین دہائی سے مولا مدنی نے جنگلات، پہاڑوں اور دوردراز مسلم آبادیوں میں سینکڑوں مساجد کی تعمیر ،ان میں مکاتبِ دینیہ کا قیام، ہزاروں گاؤں میں بورنگ کے ذریعہ پانی کا انتظام، بچیوں کے لیے سلائی سینٹرس، اور بچیوں کو مفت سلائی مشینوں کا انتظام، مفتی طبی خدمات، بیواؤں کے لیے مکانات کی تعمیر، سردیوں میں عمدہ اور معیاری کمبل کی تقسیم جیسی بنیادی انسانی خدمات کے میدان میں بے مثال کردار کیا ہے۔
مولانا مدنی نے اپنے اسی عہد کو یاد کرتے ہوئے جب اپنے خطاب کا آغاز کیا، تو پورا جلاس اہلا وسہلا مرحبا کی صدا سے گونج اٹھا، اور سامعین کی نگاہیں ان خدمات کے اعتراف میں آبدیدہ ہوگئیں۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے اپنے والدِ گرامی قدر شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی کی روشن زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، کہ میرا کوئی کمال نہیں ہے کہ آپ کے صوبہ کے دیہاتوں میں ٹوٹی پھوٹی میرے واسطہ سے کچھ ملی کام ہوئے ہیں، ہمارے والد رحمہ اللہ اسی جھارکھنڈ کھرپوکا گاؤں میں بیل گاڑی سے پہنچے تھے۔
مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے تاریخی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج میں آپ کے پاس صرف اس لیے آیا ہوں تاکہ بزرگوں کی امانت جمعیۃ علماء ہند سے وابستگی کو پہلی ترجیح بنائیں، انسانیت کی بنیاد پر لوگوں کے کام آئیں، مولانا مدنی نے کہا کہ سیرتِ طیبہ، آثارِ صحابہ، تابعین، تبع تابعین اور اپنے اکابر و اسلاف کی زندگی کےروشن پہلوؤں کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں، جنہوں نے مذہب سے اوپر اٹھ کر انسانیت کی خدمت کی، جس کے معترف دوست بھی ہیں اور دشمن بھی۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ جن اکابر نے برصغیر میں اسلام کی بقا کے لیے مدارسِ دینیہ قائم کیے، خانقاہیں بنائیں، احادیثِ مبارکہ کی خدمت کی، عام مسلمانوں کے لیے تبلیغی جماعت کی تحریک چلائی، ان ہیم ممبرسازی اکابر و اسلاف نے خدمتِ خلق کے لیے جمعیۃ علماء ہند کا پلیٹ فارم بنایا۔
مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے ورکرس سے کہا ہمارے ذہنوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ صرف مدرسہ چلانا دین ہے، خانقاہوں میں صرف اللہ کرنا دین ہے، صرف تبلیغ میں جانا دین ہے، اور خدمتِ خلق کرنا اورجمعیۃ علماء ہند سے وابستہ ہوکر ملی خدمات انجام دینا دین نہیں ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند میں لگنا بھی دین ہے، آج ملکی حالات کے پیشِ نظر ہر مسلمان کو اس سے وابستگی ضروری ہے، چاہے وہ کسی بھی مسلک و مشرب کے ہوں، مولانا مدنی نے کہا دہشت گردی کے الزام میں بے قصور مظلوموں کی جمعیۃ علماء ہند قانونی امداد مسلک پوچھ کر نہیں کرتی۔
مولانا مدنی کی آنکھیں کھول دینے والے خطاب سن کر جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا کے ورکرس نے ہاتھ اٹھاکر تنظیم کی توسیع واستحکام کا عہد لیا، دورانِ خطاب فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔
مولانا سید اسجد مدنی نے اپنے کلیدی اور تفصیلی خطاب میں جمعیۃ علماء ہند کی حالیہ خدمات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جماعت کبھی بھی مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلتی، اس جمہوری ملک میں مسلمانوں کے حقوق اور مساجدومدارس کے تحفظ کے لیے جو طریقۂ کار صحیح اور مؤثر سمجھتی ہے، انجام دیتی ہے، اور اس کا یہ واضح اور دو ٹوک طرزِ عمل پچھلے ایک سو چھ سال سے ملک و ملت کے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا جمعیۃ علماء ہند کے اکابر و اسلاف کے پائے استقامت کبھی بھی کسی ملامت کرنے والوں کی ملامت سے متزلزل نہیں ہوئے، آپ بھی ان ہی نقوش کو مشعلِ راہ بنائیں۔
مولانا مدنی نے ورکروں کے جذبہ و شوق کو ابھارتے ہوئے کہا کہ مولانا سید ارشد مدنی جیسے قائد آپ کی جماعت کے سربراہ ہیں، جن کی علمی اور عملی حیثیت کی دنیا معترف ہے، دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین اور رابطہ عالمِ اسلامی مکہ مکرمہ کے رکن ہیں، مظلوموں کے مسیحا ہیں، بےباک ونڈر ہیں، جن کی امانت و صداقت اور للہیت کی قسم کھائی جاسکتی ہے، آپ بھی ان کے، ان کی تحریک اور ان کے مشن کا حصہ بن جائیے،اس لیے کہ کسی بھی مسلمان کے لیے اہلِ اللہ کی صحبت و معیت بڑی اخروی کامیابی ہے۔
مولانا مدنی نے کہا، کسی بھی تنظیم وجماعت کو اس کے چلانے والوں سے پہچانا جاتا ہے، الحمدللہ مولانا سید ارشد مدنی نہ صرف اپنے اکابر واسلاف کے علوم و معارف کے امین ہیں، بلکہ اسی سلسلۃ الذہب کی ایک روشن کڑی ہیں، اللہ تعالیٰ ان کے سایہ کو ملت پر خیر کے ساتھ تادیر قائم رکھے۔
اجلاس سے پہلے نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کا فلک شگاف نعروں کے ساتھ استقبال کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام میں مولانا مدنی نے اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور بھائی چارہ سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے، اسی پیغام کو لے کر میں یہاں آیا ہوں، مولانا مدنی نے کہا کہ ابھی چند پہلے تمل ناڈو گورمنٹ نے جناب رسول اللہ کی مبارک زندگی کو اسکولوں کے سلیبس میں شامل کیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں جھارکھنڈ گورمنٹ سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بھی اپنے سلیبس میں شامل کریں، اس لیے کہ انسانیت کی خدمت اور آپسی بھائی چارہ کے لیے جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔
تربیتی اجلاس سے جناب مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھاکھنڈ، مولانا محمد اسرائیل قاسمی استاذ مدرسہ عربیہ اسلامیہ برن پور، مفتی عبد الحئی قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع دھنباد، مولانا محمد اکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، مولانا محمد رستم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، مولانا الیاس مدنی جمعیۃ اہلِ حدیث، جناب ریاض احمد سماجی کارکن، مولانا طیب قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ نے بھی خطاب کیا۔
جناب عبدالمعید قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا نے چطبۂ استقبالیہ اور جناب مفتی محمد صدیق نے کلماتِ امتنان وتشکر پیش کیے۔نظامت کے فرائض مولانا ارشادالحسینی سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا نے انجام دیے۔ حافظ مولانا عظیم الدین رکن مجلسِ عاملہ جمعیۃ علماء جامتاڑا کی تلاوت اور حافظ محمد شعیب کی نعتِ پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔
ان کے علاوہ مولانامحمد قمرالدین قاسمی رکن مجلسِ عاملہ جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا مقصود الرحمن مظاہری نائب صدر جمعیۃ علماء جامتاڑا، حافظ محمد مسعود عالم نائب صدر جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا شفیع الہدی قاسمی خازن جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا عطاء اللہ قاسمی جوائنٹ سیکرٹری جمعیۃ علماء جامتاڑا، حافظ محمد ناظر رکن مجلسِ عاملہ جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا مستقیم مظاہری رکن مجلسِ عاملہ جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا ہارون رشید قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا محمد مبین قاسمی تکن مجلسِ عاملہ جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا عمران مظاہری رکن مجلسِ عاملہ جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا عبد الجبار قاسمی رکن مجلسِ عاملہ جمعیۃ علماء جماتاڑا، جناب محمد مبارک انصاری نائب پر مکھ جامتاڑا، محم اسحاق انصاری پرکھنڈ صدر جے ایم ایم، جناب محمد بہاءالدین نرائن پور، مولانا قمرالدین قاسمی امام وخطیب جامع مسجد مہتو ڈیہ کے اسماء خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔








