ملک کو فرقہ پرستی سے بچانے کے لیے ہر ہندوستانی کو متحد ہونا ہوگا / نبیرۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسن اسجد مدنی سکریٹری جمعیۃ علماء اتر پردیش


مجاہدینِ آزادی کی تاریخ سے نئی نسلوں کو واقف کرانا وقت کی بڑی ضرورت/ مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ
ہمارے اسلاف و اکابر نے ملک کی آزادی بڑا کردار ادا کیا ہے/ مولانا صغیر احمد نائب صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ
ملک کا ہر مسلمان جذبۂ حب الوطنی سے سرشار پہلے بھی تھا اور آج بھی ہے/ مولانا محمد اکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ
مفتی محمد شہاب الدین قاسمی کی جہدِ مسلسل سے جمعیۃ علماء جھارکھنڈ ہر سطح پر سرگرمِ عمل/ مولانا محمد رستم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ
یادِ مجاہدینِ آزادی کانفرنس گریڈیہ سے مولانا سید حسن اسجد مدنی کا ولولہ انگیز خطاب

آ17 اگست گریڈیہ
آج ٹاؤن ہال گریڈیہ میں جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ کے زیرِ اہتمام ” یادِ مجاہدینِ آزادی کانفرنس” منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے نبیرۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسن اسجد مدنی سیکریٹری جمعیۃ علماء اتر پردیش شریک ہوئے۔
دیوبند سے تشریف لائے مولانا مدنی نے اپنے خطاب میں مجاہدینِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال قربانیوں کو بیان کیا، انہوں نے آزادیِ وطن کی دوسو سالہ تاریخ کو تفصیل سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو ہمارے اکابر نے آزاد کیا، آج اسی ملک میں نفرت اور مذہب کے نام پر ایک دوسرے کو بانٹا جارہا ہے۔
مولاناسید حسن اسجد مدنی نے ملک کے لیے سب سے بڑا خطرہ فرقہ پرستی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ انگریزوں کی گندی پالیسی لڑاؤ اور راج کرو کی راہ پر کچھ لوگ چل رہے ہیں، جو کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے، اس ملک میں صدیوں گنگا جمنی تہذیب کو باقی رکھنا اور اس روایت کو آگے بڑھانا ہم سب ہندوستانی کا فریضہ ہے، ملک کی سالمیت کے لیے فرقہ پرستی سب سے بڑا خطرہ ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ آج ملک میں آپسی پیارومحبت اور باہمی رواداری کی ضرورت ہے، اسی سے ملک آگے بڑھ سکتا ہے، انہوں نے پیغمبرِ اسلام کے اسوۂ مبارکہ کے حوالہ سے کہا کہ ہمیں بھی اسی راستے پر چلنے سے کامیابی مل سکتی ہے۔

مولانا سید حسن مدنی نے کہا کہ جس طرح ہندو مسلم، سکھ عیسائی سب مل کر ملک کی آزادی میں اپنی قربانی پیش کی، آج اس کی حفاظت کے لیے بھی سب کو ایک ساتھ آنا ہوگا، اور ان طاقتوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا جو نفرت کی سیاست کررہے ہیں، انہوں نے کہا جمعیۃ علماء ہند ہر اس طاقت کے خلاف ہے جو ملک کو بانٹنے کا کام کررہی ہے۔

اپنی تقریر میں مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے جنرل سیکریٹری مفتی محمد شہاب الدین قاسمی اور ضلع گریڈیہ جمعیۃ کے صدر وجنرل سیکریٹری مولانا اکرم قاسمی اور مولانا رستم قاسمی کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دیگر اراکین کی شرکت پر اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔
مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے جنگِ آزادی کی دوسوسالہ تاریخ کے حوالہ سے کہا ہمارے اکابر نے پچاسی سالہ جدوجہدِ آزادی میں چار مسلح جنگیں کی ہیں، اور 1857 میں شاملی کے میدان میں سید الطائفہ حاجی امداد اللہ مہاجر مکی کی قیادت میں بانیِ دارالعلوم دیوبند حجۃالاسلام مولانا محمد قاسم نانوتوی، حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی اور ان کے رفقاء نے انگریزوں کے ساتھ تلوار کے ذریعہ سربکف جنگ کی۔لہذا آج ضرورت ہے کہ ہم مجاہدینِ آزادی کی تاریخ سے نئی نسلوں کو واقف کرائیں، اس سلسلہ میں مدارسِ اسلامیہ اور جمعیۃ علماء ہند کے غیر معمولی کردار سے نہ صرف مسلمانوں کو بلکہ ملک سے محبت کرنے والے ہر شہری کو باخبر کریں، اس موقع پر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے مفتی صاحب نے کہا کہ آج کے ہندوستان میں اس طرح کے اجلاس کی سخت ضرورت ہے، اس لیے کہ جو قوم اپنے بڑوں کو فراموش کردیتی ہے، اس کا نام ونشان مٹ جاتا ہے، مفتی صاحب نے کانفرنس میں شرکت پر مولانا سید حسن اسجد مدنی کی خدمت میں کلماتِ امتنان وتشکر بھی پیش کیے۔

جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے نائب صدر مولانا صغیر احمد نے آزادیِ ہند کی تاریخ کو دہراتے ہوئے کہا کہ آج کی کانفرنس ان ہی مجاہدین کی یاد میں منعقد ہوئی ہے، انہوں نے اس طرح کی کانفرنسوں کے انعقاد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اجلاس سے ہماری نئی نسل اپنے اسلاف واکابر کی تاریخ سے واقف ہوسکے گی۔

جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ کے صدر مولانا محمد اکرم قاسمی نے اپنے خطاب میں جہادِ آزادی کی تاریخ کو دہراتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ ہمارے نوجوان بھی اپنے اکابر کی تاریخ سے ناواقف ہے، انہوں جنگِ آزادی کے مختلف ادوار کا ذکر کرتے ہوئے سامعین کے قلوب کو جذبۂ حب الوطنی سے گرمایا، ساتھ ہی ساتھ مولانا سید حسن اسجد مدنی اور صوبائی جنرل سیکریٹری جناب مفتی محمد شہاب الدین قاسمی کا شکریہ ادا کیا۔
جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد رستم قاسمی نے ایک وقیع خطبۂ استقبالیہ پیش کیا، انہوں نے مولانا سید حسن اسجد کی خدمت میں اشعار پیش کرتے ہوئے کہا، حسن مثلِ حسین احمد لگے ہے۔ اپنے خطبۂ استقبالیہ میں مولانا محمد رستم قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے لیے مفتی محمد شہاب الدین قاسمی کی جہدِ مسلسل کی وجہ سے مقام، بلاک اور ضلع ہر سطح پر جمعیۃ سرگرمِ عمل اور فعال ہے، انہوں نے یادِ مجاہدینِ آزادی کانفرنس کے انعقاد کی سعادت ضلع گریڈیہ کو ملنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی جمعیۃ کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس کو خطاب کرنے والوں میں مولانا حیدرالاسلام قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء بہار، مفتی عبدالحئ قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع دھنباد، مولانا آفتاب عالم ندوی ناظم جامعہ ام سلمہ دھنباد، مفتی اظہار الحق نعمانی مہتمم مدرسہ قرآنیہ قاضی مگھا، مولانا محمد اسحاق قاسمی صدر رابطۂ مدارسِ عربیہ اسلامیہ جھارکھنڈ، مولانا عبدالمعید قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا، مولانا جوہر مظاہری صدر جمعیۃ علماء حلقہ جی ٹی روڈ، مولانا مجاہد صدر جمعیۃ علماء حلقہ راج دھنوار، مولانا ابو طلحہ صدر جمعیۃ علماء حلقہ بگودر، مفتی غلام رسول قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، مولانا الطاف نعمانی ناظم اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، جناب راجیش سنہا جی مالے لیڈر، جناب شہنواز نائب صدر جھارکھنڈ مکتی مورچہ گریڈیہ، جناب ایڈوکیٹ اسلم گریڈیہ کے نام شامل ہیں۔

کانفرنس میں شریک ہونے والوں میں مولانا معصوم مظاہری مہتمم مدرسہ اسعد العلوم گلواتی، مولانا الیاس مظاہری نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، مولانا طیب قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، مولانا سمیع اللہ مظاہری، جناب فردین جنرل سیکریٹری یووا جھارکھنڈ مکتی مورچہ، گردوارہ گروسنگھ سبھا گریڈیہ کے سچیونریندر سنگھ سلوجا، حاجی عتیق ہندوستان میڈیکل گریڈیہ، حاجی الیاس گریڈیہ، مولانا محمد ادریس جامع مسجد بھنڈاری ڈیہ، مولانا شبیر احمد قاسمی نئی مسجد مسلم بازار، مفتی عمیرمظاہری جامع مسجد پچمبہ، مفتی ظفیر قاسمی مکہ مسجد گریڈیہ، مولانا سالم قاسمی، حافظ غفران أحمد، مولانا عبدالستار مدینہ مسجد برواڈیہ، حافظ مقصود عالم ڈائریکٹر اقرا پبلک اسکول کوڈرما، مولانا عبدالرزاق قاسمی، مولانا سلیم، مولانا ابوالکلام آزاد ، حافظ ممتاز دھنباد، قاری اسلم پچمبہ، مولانا سرفراز احمد قاسمی گانڈے، مقامی اور حلقہ کی جمعیتوں کے ذمہ داران، شہر کے دانشورانِ قوم وملت خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔ان کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں بلا تفریق مذہب وملت لوگ شریکِ کانفرنس ہوئے۔
پروگرام سے پہلےمولانا سید حسن اسجد مدنی کا ٹاؤن ہال میں فلک شگاف نعروں کے ساتھ استقبال کیا گیا، اور صوبائی جنرل سیکریٹری مفتی محمد شہاب الدین قاسمی، جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ کے صدر مولانا اکرم قاسمی، اور مولانا محمد رستم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ نے مولانا مدنی کو گلدستہ پیش کیا۔

حافظ مقبول استاذ مدرسہ تجوید القرآن الکریم جموا ٹانڑ کی تلاوتِ قرآن مجید سے کانفرنس کا آغاز ہوا، نعتِ پاک حافظ یعقوب گریڈیہ اور حافظ جمال کوڈرما نے پڑھی، اجلاس کی صدارت مولانا محمد اکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ نے کی، نظامت کے فرائض مفتی منیرالدین قاسمی ناظم اصلاحِ معاشرہ جمعیۃ علماء ضلع کوڈرما نے انجام دیے، جمعیۃ علماء کا ترانہ حافظ جمال اور حافظ ضیاء اللہ نے پیش کیا، جناب سعید اختر، ساجد بھائی اور حافظ عبد الصمد گریڈیہ نے شرکاء کا شکریہ اداکیا، مہمانِ خصوصی نبیرۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسن اسجد مدنی کی رقت آمیز دعاؤں سے اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

