حضرت امیر شریعت کی راہل گاندھی سے خصوص ملاقات: وقف، ہجومی تشدد اور ایس آئی آر جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو


نئی دہلی:(عادل رشید)امیر شریعت بہار، اُڑیسہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال، حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سجادہ نشین خانقاہِ رحمانی مونگیر نے کل نئی دہلی میں حزب اختلاف کے رہنما جناب راہل گاندھی سے ایک خصوصی اور اہم ملاقات کی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ملک میں وقف املاک، ہجومی تشدد اور ایس آئی آر (Special Intensive Revision) جیسے حساس اور نازک موضوعات پر شدید فکرمندی پائی جا رہی ہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان ان امور پر گہرائی سے تفصیلی اور مثبت گفتگو ہوئی۔
وقف مسلمانوں کی امانت ہے، مکمل حق دیا جائے: راہل گاندھی
وقف ترمیمی قانون پر گفتگو کرتے ہوئے حضرت امیر شریعت نے راہل گاندھی کو امت مسلمہ کی گہری تشویش سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وقف مسلمانوں کی دینی، اجتماعی اور خیر کی تاریخ کا ایک بنیادی ستون ہے۔
راہل گاندھی نے 29 جون کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقد ہونے والی “وقف بچاؤ دستور بچاؤ کانفرنس” پر حضرت امیر شریعت کو مبارکباد دی، جس میں بارہ لاکھ سے زائد امن پسند شہری شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے زور دے کر کہا:
“وقف مسلمانوں کی اپنی چیز ہے، اور ہر حال میں اس پر ان کا مکمل اور غیر مشروط حق تسلیم کیا جانا چاہئے۔”
ایس آئی آر پر تشویش: کمزور طبقات کے ووٹ کے حق کا تحفظ ضروری
حضرت امیر شریعت نے ایس آئی آر (Special Intensive Revision) کے تحت بہار میں جاری ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے ذریعے ملک کے غریب، پسماندہ اور کمزور طبقات کے حق رائے دہی کو محدود کرنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس عمل کو مکمل شفاف، مؤثر اور عوامی اعتماد کے قابل بنایا جائے تاکہ کسی شہری کو اس کے بنیادی جمہوری حق سے محروم نہ کیا جا سکے۔
ہجومی تشدد ناقابل برداشت، مجرمین کے خلاف سخت کارروائی ہو: اتفاق رائے
ملک میں بڑھتے ہجومی تشدد پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے حضرت امیر شریعت نے اسے انسانیت، آئین اور جمہوریت کے خلاف ایک ناقابل معافی جرم قرار دیا۔ راہل گاندھی نے اس مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا:
“ہجومی تشدد ناقابل قبول ہے۔ جو بھی اس میں ملوث پایا جائے، اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ اگر کوئی افسر یا سرکاری اہلکار اس میں کوتاہی یا چشم پوشی کرے تو اسے بھی جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہئے۔”
ملک و ملت کی ترقی، امن و انصاف جیسے موضوعات پر بھی گفتگو
اس ملاقات میں ملک کی مجموعی ترقی، اقلیتوں کے حقوق، امن و امان کے قیام، تعلیم، روزگار اور سماجی انصاف جیسے دیگر اہم قومی مسائل پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
حضرت امیر شریعت اور راہل گاندھی دونوں نے ملک کے آئینی ڈھانچے، جمہوری اقدار اور گنگا جمنی تہذیب کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں دیگر اہم شخصیات کی شرکت
اس اہم ملاقات میں حضرت امیر شریعت کے برادرِ محترم اور رحمانی پروگرام آف ایکسلینس کے سی ای او جناب حامد ولی فہد رحمانی بھی شریک تھے۔ ساتھ ہی کانگریس کے اقلیتی سیل کے صدر اور معروف رہنما جناب عمران پرتاپ گڑھی بھی شریک تھے۔
