رابطہء اسلامی ہند کااصل مقصد ہے مسلمانوں میں اتحاد ویک جہتی پیدا کرنا


اتحاد میں حائل رکاوٹوں کو ہرممکن دور کرنے کی کوشش کروں گا : ڈاکٹرمحمد یٰسین قاسمی
نئی دہلی ( نمائندہ) رابطہء اسلامی ہند کے امیر ڈاکٹرمحمد یٰسین قاسمی اپنے ہفت روزہ دورہ ٔ دہلی کہ دوران مختلف ملی وسماجی تنظیموں کے ذمے داران ، دانشوران اوررعمائدین ملت سے ملاقاتیں کی اور دینی اداروں وملی تنظیموں کے باہمی اختلافات ونزاعات اوران کی بے جا تقسیم وتفریق، جو امت کے اجتماعی مفادات کے حق میں نہیں ہے ، اسے ختم کرنے اورانہیں باہم شیروشکر کرنے کے لیے مثبت اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس حوالے سے جورائے مشترکہ طور پر سامنے آئی وہ یہ کہ جمعیۃ علما ء ہند ( الف ) اور جمعیۃ علما ء ہند ( م ) کی دوئی کو مٹانے ،تبلیغی جماعت کے دونوں گروپوں کے درمیان افہام وتفہیم کی راہ نکالنے ، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے دودھڑوں کے بیچ اتحاد قائم کرنے ، نیز امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈ وبنگال کو اختلاف وانتشار سے بچانےکے لیے ترجیحی طور پرعملی اقدامات کیے جائیں ۔
جہاں تک امارت شرعیہ بہار ، اڈیشہ ، جھارکھنڈ وبنگال کے اختلاف وانتشار کامعاملہ ہے وہ کافی تشویشناک ہے ۔ اس کا بالواسطہ یا بلاواسطہ منفی اثر حالیہ بہار اسمبلی الیکشن پر پڑنا یقینی ہے ، جس کے دور رس نتائج منتج ہوں گے ۔
اس دورےمیں رابطہ اسلامی ہند کے امیر ڈاکٹرقاسمی جامعہ عربیہ نورالاسلام مہرولی ، دہلی میں واقع رابطہ کے کیمپ آفس میں بھی تشریف لائے ۔ رابطہ اسلامی ( ہند ) صوبہ دہلی وہریانہ کے سربراہ اور جامعہ عربیہ نورالاسلام للبنات کے بانی جناب حافظ نصرالدین صاحب نے مدرسہ ہٰذا کامعائنہ کرایا۔ امیر رابطہ نے طالبات ، اساتذہ اوردیگرذمے داران مدرسہ پرمشتمل ایک اہم مجلس کو خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ مدرسہ کاسلسلہ صفہ سے جاملتاہے ۔ اس کا ایک سرا نبوت محمدی ؐ سے ملاہوا ہے تو دوسرا سلہ اس زندگی سے ۔ یہ عام معنوں میں پڑھنے لکھنے یاہنر سکھانے کا مرکز نہیں ہے یہاں اخلاقیات اورروحانیات کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ہمیں اسے سمجھنا چاہیے، اس کی قدر کرنی چاہیے اوریہاں پڑھنے پڑھانے والوں کو بھی اپنا مقام اوراپنی حیثیت عرفی کو سمجھنا چاہیے ۔
امیر رابطہ نے ایک خصوصی نشست میں کہا کہ معروضات ، شکایات اورمطالبات ہم مسلمانوں کا سرمایۂ حیات بن کررہ گیا ہے ۔ عزم ، جدوجہد، مخالف حالات کارخ موڑنے کی صلاحیت اورجذبہ سے وہ یکسر محروم ہوگئے ہیں ۔ ملکی سطح پر تعلیمی واقتصادی مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ مسلمانوں کے تعلیمی اوراقتصادی مسائل کے اسباب ووجوہات کانہ صرف تجزیہ کرنے بلکہ ان مسائل سے نپٹنے کےلیے دانشمندانہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ اطلاع رابطہ اسلامی کے میڈیا سکریٹر ی ڈاکٹر شمیم اختر ( دہلی ) نے دی ہے ۔
