انجمن اسلامیہ رانچی، انتخاب 2025 منتظمہ کے لئےباضابطہ جمع 1255 فارم میں ممبران کی تعداد2982


منتظمہ کے لئےباضابطہ جمع شدہ 1255 فارم میں ممبران کی تعداد2982
رانچی: ۔۶؍نومبر۲۰۲۵ء
(06/11/2025)
انجمن اسلامیہ رانچی انتخاب۲۰۲۵ء کا عمل جاری ہے، انتخاب کے کنوینر مفتی محمد انور قاسمی نے کہا ہےکہ انتخاب کا پہلا مرحلہ یعنی منتظمہ کے لئے فارم جمع لینے کا کام اعلان کے مطابق ۳۰؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو خیر و خوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہونچا، آخری تاریخ کو جمع کرنے والوں کی کافی بھیڑ تھی اس لئے مقررہ وقت چار بجے کے بعد مزید آدھا گھنٹہ یعنی ساڑھےچار بجے تک فارم جمع لیا جاتا رہا ، ساڑھے چار بجے کے بعدآنے والے حضرات سے کہا گیا کہ وہ انتظار کریں پہلے جمع شدہ فارم کی وصولی رسید دی جائے گی اس کے بعد ان کے فارم جمع لئے جائیں گےچنانچہ ایسا ہی ہوا البتہ ایک فارم ایسے وقت میں آیا جب کہ دستاویزات سمیٹنے کے بعدانتخابی دفتر بند ہورہا تھا اس لئے وہ فارم لے لیا گیا لیکن وصولی رسید جاری نہیں ہوئی ۔
۳۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو انتخابی دفتر میں جمعہ کی چھٹّی رہی اور یکم نومبر ۲۰۲۵ء کوعلمائے کرام ،پنچائتوں کے ذمہ داران اور سماجی کارکنان پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نےانتخابی دفتر میں وصولی رسیدات اور اس کی روشنی میں جمع شدہ فارم کی تعداد کا جائزہ لیا نیز جائزہ کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دو صفحات پر مشتمل خلاصہ رپورٹ تیار کیا اور رپورٹ پرتمام حضرات نے اپنا اپنا دستخط بھی ثبت کیا جو برائے ریکارڈ محفوظ ہے ،
وفد میں مفتی ڈاکٹر محمد سلمان قاسمی، مولانا ڈاکٹر طلحہ ندوی،مفتی طلحہ ندوی،حاجی محمد فیروز، حاجی مختار احمد ، ڈاکٹر طارق حسین، ایوب راجا ، اعجاز گدّی،حاجی فیروزجیلانی، سیف الحق،محمد شمیم ،ایس علی ،شاہد ایوبی ،محمد فاروق، محمد شاہداورمنصور عالم شریک رہے اس موقع پر مفتی ابوداؤد قاسمی ،مولانا سہیل سجّاد قاسمی، مفتی مجاہد اللہ قاسمی اور مولانا اسجد قاسمی بھی موجود رہے۔
وفد کے جائزہ رپورٹ کے مطابق ایک ہزار دوسو پچپن (۱۲۵۵)باضابطہ فارم جمع ہوئے ہیں جن کی ممبری فیس جمع ہوئی ہے اور وصولی رسید بھی دے دی گئی ہےجب کہ ایک ہزار دوسو پچپن (1255)فارم کے علاوہ ۳۰؍اکتوبر ۲۰۲۵ء ہی کواکیس(21) ایسےفار م بھی انتخابی دفتر کوبرائے جمع موصول ہوئے جن کے متعلق افراد انتخابی دفترکے ویٹنگ ہال میں موجود نہیں تھے اوروقفہ وقفہ سےمتعدد مرتبہ بآوازِبلند پکارے جانے کے باوجود وہ حاضر نہیں ہوئے اوران کی طرف سے ممبری فیس بھی جمع نہیں ہوئی ہے اس لئے یہ اکیس فارم اور اوپر میں مذکور ایک فارم یعنی کل بائیس (22)فارم کا معاملہ زیر غور ہے ، ان بائیس فارم میں ممبران کی مجموعی تعداداُنتالیس(39) ہےجب کہ باضابطہ جمع شدہ ایک ہزار دوسو پچپن(1255) فارم میں ابتدائی شمار کے مطابق ممبران کی مجموعی تعداد دو ہزار نوسو بیاسی (2982)ہے۔
ایک ہزار دوسو پچپن باضابطہ فارم میں نامزد منتظمہ کے ممبران کی اولین فہرست سازی کی ترتیب کا کام بہ ذریعہ کمپوژنگ جاری ہے، یہ ایک اہم اور بنیادی کام ہے نیز اس کام کی نزاکت سے واقف کار جانتے ہیں کہ یہ کام وقت چاہتاہے۔
منتظمہ کی اولین فہرست سازی کے بعد تحقیق و تفتیش اور اسپاٹ ویری فیکیشن کے لئے ٹیمیں تیار کی جائیں گی جن کی رپورٹ کی روشنی میں منتظمہ کی فائنل فہرست تیار کرکےجاری کی جائے گی اورضابطہ کے مطابق انتخابی عمل کوآگے بڑھایا جائے گا ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو خیر و عافیت کے ساتھ اس دینی ، ملّی اور سماجی ذمہ داری کو خیروخوبی کے ساتھ انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے اور ہر طرح کے شرور و فتن سے حفاظت فرمائے، آمین ـ فقط
(مفتی) محمد انور قاسمی
کنوینر انتخاب ۲۰۲۵ء
انجمن اسلامیہ،رانچی








