مقامِ شکر ہے کہ مولانا سید ارشد مدنی کی مخلص قیادت ہمیں نصیب ہے/ مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند


ملک و ملت کے لیے جمعیۃ علماء ہند بڑی ضرورت/ مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھاکھنڈ
تربیتی اجلاس جمعیۃ علماء ضلع ہزاری باغ سےحضرت مولانا سید اسجد مدنی کا فکر انگیز خطاب

ہزاری باغ 27 ستمبر
صوبائی جمعیۃ کی ہدایت کے مطابق جامعہ صفہ ہزاری باغ میں جمعیۃ علماء ضلع ہزاری باغ کے زیرِ اہتمام تربیتی اجلاس میں شریک ہوئے سینکڑوں ممبران، کارکنان و عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے سب سے پہلے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے دستورِ اساسی میں آپ جیسے کارکنان وممبرانں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، مولانا مدنی نے کہا کہ دستوری اعتبار سے سب سے زیادہ اہمیت جنرل باڈی ( مجلسِ منتظمہ ) کے اراکین کو حاصل ہے، اور وہ سب کے سب آپ لوگ ہیں۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید اسجد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند اور دارالعلوم دیوبند کے اسلاف و اکابر کی چار خصوصیات، اخلاص، استقامت، اتباعِ رسول اور خدمتِ خلق کو قرآن و احادیث سے سمجھاتے ہوئے کہا کہ آپ بھی کوئی بھی ملی خدمت انجام دیتے وقت اخلاص و للہیت کو مدنظر رکھیں۔
مولانا مدنی نے ورکرس کو جھنجھوڑ تے ہوئے کہا کہ آپ بھی اپنے ضلع کے گاؤں گاؤں، بستی بستی اور شہرشہر اس فریضہ کو عبادت سمجھ کر انجام دیں، اس کے لیے مقامی جمعیتیں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں، مولانا مدنی نے کہا کہ آپ کے ضلع میں جس قدر زیادہ ممبر ہوں گے، اور مقامی جمعیتیں ہوں گی، ضلع انتظامیہ کے نزدیک آپ کی آواز میں قوت ہوگی، اور اس کے واسطے سے آپ مظلوموں اور ضرورت مندوں کی مدد کرسکیں گے، خواہ وہ جس مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند مذہب مسلک سے اوپر اٹھ کر انسانوں کی خدمت کرتی ہے، جو بہترین کارِ نبوت ہے۔
مولانا سید اسجد مدنی نے ضلع جمعیۃ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپنی آواز میں قوت پیدا کرنا چاہتے ہیں، تو اپنی اجتماعیت کو مضبوط و مستحکم کیجیے، جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ ہوجائیے، انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کریں کہ آپ کو اپنے وقت کے اہل اللہ اور اہلِ اخلاص واستقامت کی جماعت کی معیت حاصل ہورہی ہے، جس مؤقر، قدیم اور فعال تنظیم نے خدمت کی بے مثال تاریخ پیش کی ہے۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے جمعیۃ علماء ضلع ہزاری باغ کے ورکرس کے سامنے جمعیۃ علماء ہند کی حالیہ خدمات، خاص طور پر بدنامِ زمانہ فلم اودے پور فائلز اور بمبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ مقدمہ کی ایک ایک تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی جدوجہد میں جمعیۃ علماء ہند کو کیسی شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر واحسان ہے کہ امیرالہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کی دوراندیش، بابصیرت اور مؤثرو مخلص قیادت ہمیں نصیب ہے، جن کی دیانت و للہیت کی قسم کھائی جاسکتی ہے۔
صوبائی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے اپنے مختصر خطاب میں مقامی اور ضلعی جمعیتوں کی توسیع و استحکام اور ان کے واسطے سے دی جانے والی خدمات کے اصول وضوابط اور ان کے طریقۂ کارسے کارکنوں کو آگاہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا جمعیۃ علماء ہند اس وقت ملک و ملت اور مسلمانوں کی بڑی ضرورت ہے، مفتی صاحب نے کہا کہ صوبۂ جھارکھنڈ میں ہمارے لیے جمعیۃ علماء ہند کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے، اس لیے کہ یہاں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے متعدد ایسے مسائل ہیں، جن کے لیے کوئی بھی سیاسی پارٹی سنجیدہ نہیں ہے۔ مفتی صاحب نے کہا کہ اگر جمعیۃ علماء ہند کا پلیٹ فارم مستحکم وفعال ہوجاتا ہے، تو متعدد ایسے مشکلات اور مسائل کا حل ممکن ہوسکے گا، جن سے مسلمان دوچار ہیں۔
صوبائی جنرل سیکریٹری نے ورکرس سے کہا کہ جس قوت و طاقت سے جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے آپ کوئی بھی آواز اٹھاسکتے ہیں، کسی دوسرے پلیٹ فارم سے ممکن نہیں، اس لیے کہ جمعیۃ علماء ہند ملکی وملی خدمات کی پچھلے سوا دو سو سالہ سنہری اور عظیم الشان تاریخ رکھتی ہے۔
تربیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ کے فعال صدر اور صوبائی سیکریٹری جناب مولانا محمد اکرم قاسمی نے امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی اور جمعیۃ علماء ہند کی جامع اور مدلل تاریخ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے انتہائی عزت کی بات ہے کہ ہمارے صوبۂ جھارکھنڈ کو نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کی خصوصی توجہات حاصل رہی ہیں، اورآج بھی حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کی قیادت اور نائب صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا سید اسجد مدنی کی رہنمائی اور جناب مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی جمعیہ علماء جھاکھنڈ کے قیام کے لیے سرگرم اور مخلصانہ پینتیس سالہ جدوجہد کی معیت ہمیں حاصل ہے، بارگاہِ الٰہی سے قوی امید ہے کہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ آئندہ ملی اور قومی خدمات کی تاریخ رقم کرے گی۔
قبل ازیں جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ کے فعال جنرل سیکریٹری جناب مولانا محمد رستم قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی خدمات کے مختلف ادوار کا ذکر کرتے ہوئے کہا استاذِ محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں جمعیۃ علماء میں کام کرتے ہوئے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ ان کا سایہ ملت اسلامیہ ہند پر تادیر خیر کے ساتھ قائم رکھے۔
اجلاس کی صدارت ضلع جمعیۃ علماء ہزاری باغ کے صدر مولانا مفتی محمد یونس قاسمی نے کی، جبکہ اجلاس کی جناب مولانا شکیل الرحمن قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہزاریباغ نے کی، اور آنے والے مہمان کرام کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اظہار تشکر پیش کیا۔
اجلاس کو خطاب کرنے والوں میں جناب شاہ نواز احمد خان اور قاضی سید متین الحسن کے اسماء بھی شامل ہیں۔
صدر اجلاس مفتی محمد یونس قاسمی نے کہا کہ ہزاری باغ کی جمعیۃ اس اجلاس کے بعد مزید سرگرم کردار ادا کرے گی،اور ملی و قومی خدمات کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کا عزم کرتی ہے۔
نظامت کے فرائض جناب مولانا کفیل الرحمن جامعی قاضی شہر ہزاریباغ نے بحسن و خوبی اور منفرد انداز میں انجام دیے۔
اجلاس کے آخر میں قراردادیں منظور کی گئیں، جن میں ضلعی اور مقامی سطح پر جمعیۃ علماء کی تنظیم کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کا عزم کیا گیا۔
ہر بلاک اور گاؤں میں مقامی جمعیۃ کے قیام کی مہم چلانے کا فیصلہ لیا گیا، نوجوانوں کو جمعیۃ کے پلیٹ فارم سے جوڑنے اور ان کی دینی و عصری تعلیم میں معاونت فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ ملی و سماجی خدمات کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے تعلیمی اداروں، رفاہی کاموں اور نشہ مخالف مہم میں سرگرم حصہ لینے کا اقرار کیا گیا۔ ملک و ملت کی سربلندی، امن و امان اور اتحاد و اتفاق کے لیے مستقل دعاؤں اور کوششوں پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں شریک ہونے والوں میں شہر کے معزز شخصیات اور جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے سکریٹری سید سیف الدین خالد، جناب پروفیسر انور ملک، ڈاکٹر ظفراللہ صادق جناب انور فدوی کے نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔
اراکینِ جمعیۃ علماء ہزاریباغ میں جناب مولانا واصف مظاہری صدر جمعیۃ علماء حلقہ گوبند پور نوادہ، مولانا بلال قاسمی سیکریٹری جمعیۃ علماء ہزاری باغ، مولانا اطہر صادق مولانا مہدی حسن مظاہری، مولانا نورالدین ندوی، مولانا زاہد حسین قاسمی، مولانا نفیس الرحمن، قاری مشتاق، مولانا عثمان قاسمی انصار نگر کے دیگر اراکین بھی شریکِ اجلاس رہے۔
اجلاس کی کامیابی میں مولانا افتخار الحسن قاسمی صدر جمعیۃ علماء پلاول ،مولانا کفیل الرحمن جامعی قاضئ شہر ہزاریباغ، مولانا عبد الحلیم قاسمی، حافظ اکرام، مولانا ڈاکٹر ابوہریرہ قاسمی ڈائریکٹر صفہ انٹرنیشنل اسکول، مولانا امجد قاسمی، مولانا اسعد اللہ ندوی، مولانا مسیح الدین مظاہری، مولاناموسی ندوی، مولانا عقیل الرحمن، مولانا زکریا رازی، قاری مستفیض الرحمن، مولانا یوشع مظاہری، حافظ آصف، حافظ احسان، حافظ انوارالہدی اورحافظ خالد نے اہم خدمات پیش کیں۔
پروگرام کا آغاز قاری حذیفہ کی تلاوت کلام پاک اور حافظ مرشد کی نعت رسول اور مولانا افتخار الحسن قاسمی و مولانا زکریا رازی قاسمی کا دلکش ترانہ جمعیتہ کے ساتھ ہوا۔
اجلاس کا اختتام حضرت نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کی دعائیہ کلمات پر ہوا، جس میں ملت اسلامیہ کی کامیابی، قومی یکجہتی اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں
