All India News

رانچی کے معروف عالمِ دین ڈاکٹر عبید اللہ قاسمی صاحب کی عیادت

Share the post

تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین کے صدر حضرت مولانا مفتی عبدالحسیب صاحب اور حضرت مولانا معراج اشرف ندوی صاحب کی ملاقات

رانچی شہر کی علمی و دینی فضاؤں میں ایک نمایاں نام، پروفیسر آزاد کالج رانچی کے استاذ، محقق اور خطیبِ بے بدل، حضرت مولانا ڈاکٹر عبید اللہ قاسمی صاحب گزشتہ دنوں ایک افسوس ناک حادثے کا شکار ہوگئے۔ اسٹیشن روڈ پر ایک گاڑی کی ٹکر سے ان کے ہاتھ اور گردن پر شدید چوٹیں آئیں اور ہاتھ کی ہڈی میں فریکچر بھی ہو گیا۔ یہ خبر سنتے ہی ان کے تلامذہ، اہلِ علم اور چاہنے والوں میں سخت تشویش اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف مساجد میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

آج ان کے دولت کدہ پر ایک پُرمعنویت ملاقات بھی ہوئی، جس میں حضرت مولانا معراج اشرف ندوی صاحب اور حضرت مولانا مفتی عبدالحسیب صاحب دامت برکاتہم العالیہ (صدر تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین) نے خصوصی حاضری دی۔ دونوں اکابرین نے حادثے کی تفصیل دریافت کی اور ڈاکٹر صاحب کی خیریت پوچھی۔ ملاقات نہایت محبت، خلوص اور عقیدت بھرے ماحول میں انجام پائی، جس سے حاضرین کو قلبی سکون اور روحانی انبساط حاصل ہوا۔

حضرت مولانا معراج اشرف ندوی صاحب نے اپنے تاثرات میں کہا:
“ڈاکٹر عبید اللہ قاسمی صاحب نے جس عاجزی اور محبت کے ساتھ گفتگو فرمائی، وہی انداز ایک حقیقی رہبر اور امیر کی پہچان ہے۔ ان کی شخصیت ملت کے لیے باعثِ برکت ہے۔”

اسی دوران ڈاکٹر صاحب کے صاحبزادے، حضرت مولانا مفتی راحت صاحب قاسمی سے بھی ملاقات ہوئی۔ ان کی انکساری اور خوش اخلاقی نے محفل میں مزید روشنی اور محبت کا رنگ بھر دیا۔ حاضرین نے کہا کہ یہ سب والدِ محترم کی پاکیزہ تربیت کا مظہر ہے۔

حضرت مولانا معراج اشرف ندوی صاحب اور حضرت مولانا مفتی عبدالحسیب صاحب نے مشترکہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ:
“ڈاکٹر عبید اللہ قاسمی صاحب کا وجود علمی و فکری دنیا میں ایک عظیم نعمت ہے۔ ان کی تعلیمات، رہنمائی اور سرپرستی ملت کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں، اور دعا ہے کہ ان کا سایہ تا دیر قائم رہے۔”

آخر میں اجتماعی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اپنے حبیب ﷺ کے صدقے حضرت ڈاکٹر عبید اللہ قاسمی صاحب کو مکمل صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور ان کی علمی و دینی خدمات کو ہمیشہ جاری و ساری رکھے۔ آمین۔

Leave a Response