حاجی علیم اللہ صاحبؒ — علم و خدمت کا چراغ، محبت و فیاضی کا پیکر


علماء نوازی اور مہمان نوازی
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔
رانچی کی مایہ ناز شخصیت، تعلیم دوست، خدمت گزار، اور علماء نواز بزرگ، حاجی علیم اللہ صاحبؒ کی رحلت کی خبر نے پورے علاقے کو غم میں ڈبو دیا۔ آپؒ کی زندگی کا ہر دن خدمتِ خلق، تعلیم کی ترویج اور دینی محبتوں سے بھرا ہوا تھا۔
حاجی علیم اللہ صاحبؒ کا تعلق رانچی کے ایک باوقار اور دین دار گھرانے سے تھا۔ ابتدا میں طب و علاج کے شعبے سے اآوابستہ ہو کر لوگوں کی صحت کی خدمت کی یہی وجہ ہے کہ آپ کا اسم گرامی انجمن اسلامیہ ہاسپٹل کے بانیوں میں شامل ہے۔ بعد میں علاقے کے تعلیمی و سماجی معیار کو بلند کرنے کے لیے سرگرم ہو گئے۔ آپ نے دینیات کے ساتھ انگریزی، ریاضی اور سائنس ہندی ،حساب جیسے مضامین کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا، تاکہ نئی نسل دین کے ساتھ ساتھ عصری علوم میں بھی آگے بڑھے۔
تعلیمی خدمت — الاؤنس پبلک اسکول
آپ کی سرپرستی اور رہنمائی میں آپ کے اہلِ خانہ نے “الاؤنس پبلک اسکول” قائم کیا، جو آج علاقے کا ایک نمایاں ادارہ ہے۔ اس میں تقریباً 2000سےزائد طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ ادارہ معیاری نصاب اور بہترین تربیت کا امتزاج پیش کرتا ہے، جو مرحوم کی دور اندیشی اور اخلاص کا ثبوت ہے۔
حاجی علیم اللہ صاحبؒ کی زندگی کا ایک روشن پہلو علماء سے بے پناہ محبت تھی۔ آپ کا معمول تھا کہ ہر جمعہ کو نمازِ جمعہ کے بعد رانچی کے جید علمائے کرام کو اپنے یہاں مدعو کرتے اور بڑے اہتمام، خوش اخلاقی اور مسکراہٹ کے ساتھ دوپہر کا کھانا پیش کرتے۔ دسترخوان وسیع ہوتا، کھانے کا ذائقہ دل کو بھاتا، اور ماحول محبت و خلوص سے مہک اٹھتا۔
یہ صرف کھانے کی دعوت نہ ہوتی بلکہ علم و دین کے تذکروں، نصیحتوں اور خیرخواہی کا ایک خوبصورت اجتماع ہوتا، جس سے تعلقات مضبوط اور دلوں میں محبت پیدا ہوتی۔
اخلاق و اوصاف
مرحوم انتہائی نرم دل، خوش مزاج، معاملہ فہم اور فیاض شخصیت کے مالک تھے۔ ضرورت مندوں کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے۔ آپ نے کبھی اپنی خدمات کا چرچا نہیں کیا بلکہ ہر کام خاموشی سے اور رضائے الٰہی کے لیے انجام دیا۔
انتقال اور دعا
آپ کی وفات سے رانچی نے ایک خالص دل والا خادم، تعلیم کا سرپرست، اور علماء کا محب کھو دیا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور اہلِ خانہ و متعلقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔
راقم الحروف
محمد ثناءاللہ مظاہری خویدم تدریس جامعہ رشید العلوم چترا جھارکھنڈ
