جمعیۃ علما ء ہند کی جانب سے پنجاب سیلاب زدگان کے لئے راحت رسانی کاکام جاری


صوبہ جھارکھنڈ کی جمعیۃ علماء کے ذمہ داران ضرورتمندوں کی امداد کے لئے مؤثر اقدامات فرمائیں : مولاناڈاکٹرمحمد اصغر مصباحی

رانچی : جمعیۃ علما ء جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری مولاناڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے ایک پریس ریلیز میں فرمایا کہ پنجاب کے کئی علاقے ( اجنالہ ، رام پور، گورداس پور، بٹالہ ، پٹھان پور،فیروز پور، فاضلکا وغیرہ )تقریباًنو اضلاع شدید سیلاب کی زد میں ہیں ۔ قیامت خیز سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث مذکورہ علاقے مکمل طور پر زیرآب ہیں ۔ سیکڑوں دیہات ڈوب گئے ، ہزاروں خاندان کھلے آسمان تلے پناہ لینے پرمجبور ہیں ۔لاکھوں افراد اپنے مکانات ، فصلیں اورذریعہ معاش کھوچکے ہیں ۔ بڑی تعداد میں مویشی بہہ گئے ہیں ۔گویا کہ نفسی نفسی کاعالم ہے ، بے سروسامانی وکسمپرسی خالی زندگی گزارنے پرمجبور ہیں ۔ انتہائی تکلیف دہ اوربھیانک منظر ہے ۔
مولاناڈاکٹرمحمد اصغر مصباحی نے فرمایا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم کی ہدایات کے مطابق الحمدللہ جمعیۃ علماء ہریانہ ، پنجاب ، ہماچل پردیش، چنڈی گڑھ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا یحیٰ کریمی صاحب کی سرپرستی میں مقامی ، ضلعی اورصوبائی یونٹوں کے ذمہ داران سیلاب متاثرہ علاقوں کا دور ہ فرمارہے ہیں اوراس مصیبت کی گھڑی میں نہایت فکر مندی اوردردمندی کے ساتھ سیلاب زدگان کے لئے امداد وراحت رسانی کاکام انجام دے رہے ہیں ۔ تمام ذمہ داران میدان عمل میں سرگرم ہیں ۔ سیلاب متاثرین کے حالات کاجائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ضرورتمندوں تک راحتی اشیا پہنچانے اورمتاثرہ علاقوں میں ضروری امداد کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ اطلاع کے مطابق متاثرین کو فوری طورپر پانی پینے کے اشیاءاوربنیادی ضرورت کاسامان درکار ہے ۔ ڈاکٹرمحمد اصغر مصباحی نے مزید فرمایا کہ پنجاب اوردیگرعلاقوں کے قیامت خیز سیلاب کے تناظر میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم نے( تمام اہل خیر حضرات سے گزارش کی ہے کہ ضرورتمندوں کی مدد کے لئے آگے آئیں اوردل کھول کرسیلاب متاثرین کی امداد کریں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کے تعاون کو قبول فرمائے ۔ )لہٰذا حضرت صدر محترم جمعیۃ علما ء ہند کی اپیل کے پیش نظرجمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے صدور ونظماء اعلیٰ ودیگر ذمہ داران حضرات سے گزارش ہے کہ آپ حضرات ضرورتمندوں کی مدد کے لئے اپنے زیر اثرصاحبان ثروت کو متوجہ کریں اورزیادہ سے زیادہ تعاون پہنچانے کی کوشش کریںاور امداد وباز آبادکاری کے لئے جمعیۃ علماء کی مہم میں حصہ لیں اوروسائل کی فراہمی کے لئے ہرممکن کوشش کریں اوراہل خیر حضرات کو اس جانب خصوصی توجہ دلائیں تاکہ ضرورتمندوں کی حتی الوسع مددہوسکے ۔ اللہ تعالیٰ یقیناً اجر عظیم عنایت فرمائے گا۔
جمعیۃ علما ہند کے توسط سے سیلاب متاثرین کی مددکےلئےمرکزی دفتر سےموصول شدہ کیوآر کوڈ (QR CODE ) پر اسکین کرکے رقم روانہ فرمائیں اور مقامی طور پر سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے مقامی وضلعی اورصوبائی جمعیۃ علما ء کے ذمہ داران سے رابطہ قائم کریںاورمزید جانکاری کے لئے جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ دفتر حواری مسجد کربلا چوک ،رانچی سے مندرجہ ذیل نمبرات پررابطہ قائم کریں ۔ 9709077374،8986724652
