“ایک شام خمار دہلوی اور احترام صدیقی کے نام” سے کل ہند مشاعرے کاانعقاد


نئی دہلی۔۔۔۔۔۔ گزشتہ شام فنکار کلچرل گروپ، رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام ایس ایس ایس ہال، نرمان وہار، نئی دہلی میں “ایک شام خمار دہلوی اور احترام صدیقی کے نام” سے کل ہند مشاعرے کاانعقاد کیا گیا۔ صدارت معروف شاعر اعجاز انصاری نے کی جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر ظاہر خاں اور اسلم راشد مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے۔نظامت کے فرائض مشاعرہ کنوینر اسلم بیتاب نے انجام دئیے۔
اعجاز انصاری نے اپنے صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج نہ صرف خمار دہلوی اور احترام صدیقی مبارکباد کے مستحق ہیں بلکہ کلچرل گروپ کو بھی مبارکباد پیش کی جانی چاہئے کہ اس نے اس اہم فریضے کو انجام دیا ہے۔ کسی کی خدمات کا اعتراف کرنا ہی بہت بڑی خدمت ہے۔مشاعرے کے آغاز میں فوزیہ افضال نے فنکار کلچرل گروپ کے بارے میں بتاتے ہوئے دونوں صاحب اعزاز شاعروں کی خدمات کا بھی خصوصی تذکرہ کیا۔
جن شعرائے کرام نے مشاعرے میں اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ان کے اسمائے گرامی اس طرح سے ہیں: متین امروہوی، خمار دہلوی، اعجاز انصاری، عبدالرحمان منصور،اسلم راشد،اجے عکس،اسلم بیتاب،وسیم جہانگیرآبادی،خرم نور،جاوید عباسی،فرید احمد فرید،احترام صدیقی،پونم ماٹیا،ہمادہلوی،گنجن اگروال،روزی خان و دیگر شعرا۔
آخر میں اسلم بیتاب نے تمام مہمانوں اور شعرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشاعرے کے اختتام کا اعلان کیا۔ صف سامعین میں عارف انصاری،محمد ظفر قریشی، آصف اقبال،اظہار اختر،اعظم پرویز،حناپروین اور عروج اختر کے نام خاص طور سے قابلِ ذکر ہیں
