انجمن فروغ اردو اور جمعیت العراقین کے زیراہتمام توصیفی تقریب کا انعقاد آج


رانچی: اردو زبان و ادب، تعلیم اور سماجی شعور کے فروغ کے لیے سرگرم انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ کے زیر اہتمام 3 اگست 2025 بروز ہفتہ کو ایک باوقار توصیفی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے ان طلبہ و طالبات کی عزت اورحوصلہ افزائی کی جائے گی جنہوں نے حالیہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ تقریب گلشن میرج ہال، کربلا چوک، رانچی میں صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔واقع ہو کہ یہ پروگرام مرحوم خلیل الرحمٰن (سابق سیکریٹری جمعیت العراقین) کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ ان کی تعلیمی و ملی خدمات کے اعتراف کے طور پر اس تقریب کو ایک یادگاری شکل دینے کی کوشش کی ہے جس میں جمعیت العراقین کا فعال تعاون بھی شامل ہوگا۔تقریب میں رانچی اور اطراف کی ان پنچایتوں اور سوسائٹیوں کو مدعو کیا جا رہا ہے جو ملت کے اجتماعی اور فلاحی امور میں متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان میں راعین پنچایت، ادریسیہ پنچایت، گدی پنچایت، مومن پنچایت، قریشی پنچایت، بریاتو خان پنچایت، پٹھان پنچایت کے علاوہ ماہی سوسائٹی، مرحبا ہیومن سوسائٹی، پبلک اردو لائبریری، نوائے اردو جھارکھنڈ، انجمن اسلامیہ، ادارہ ترقی اردو، انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ اور دیگر سماجی و تعلیمی ادارے شامل ہیں۔پروگرام میں ریاست کی معروف شخصیات کو مدعو کیے جانے پر اتفاق ہوا ہے، جن میں جھارکھنڈ اسمبلی کے اسپیکر ربندر ناتھ مہتو، ایم ایل اے ایم ٹی راجہ، راجیہ سبھا کی رکن مہوا ماجی، مجلس علماء جھارکھنڈ کے جنرل سیکریٹری مفتی طلحہ ندوی، جمعیت علماء ہند جھارکھنڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا اصغر مصباحی اور انجینئر عالم وغیرہ کے شامل ہونے کا گمان اغلب ہے۔
