All India NewsBlogfashionhealthNewsRanchi JharkhandRanchi Jharkhand NewsRanchi News

اپنے ضلع میں زیادہ سے زیادہ مقامی جمعیتیں تشکیل دے کر قوم وملت کی خدمت کریں

Share the post

خدمتِ خلق دین کا ایک اہم شعبہ

21 جولائی کو بمبئی لوکل ٹرین ںم دھماکہ میں پھانسی اور عمر قید کے سزایافتہ 12 مسلم نوجوان کی 19 سال بعد باعزت رہائی جیسی جمعیۃ علماء ہند کی خدمات خدمتِ خلق کی بہترین مثال ہے

مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کا جمعیۃ علماء ضلع دیوگھرکے اراکین اور مقامی عہدیداران سے خطاب

آج بتاریخ 22 جولائی 2025 کو جمعیۃ علماء ضلع دیوگھر کے زیرِ اہتمام یک روزہ تربیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی مجلسِ منتظمہ کے اراکین اور مقامی عہدیداران تین سو کی تعداد میں شریک ہوئے، اجلاس کی صدارت جگر گوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے کی۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے ورکرس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ خدمتِ خلق اور اس سلسلہ میں بھاگ دوڑ بھی دین کا ایک اہم شعبہ ہے، مولانا مدنی نے کہا جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمتِ خلق کا پہلو ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، انہوں نے کہا کہ بغیر خدمتِ خلق کے اللہ کا تقرب حاصل نہیں کیا جاسکتا، نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے اودے پور فائلز فلم کی روک کے لیے جمعیۃ علماء ہند کی عدالتی جدوجہد اور کل گزشتہ 21 جولائی کو بمبئ لوکل ٹرین بم دھماکہ میں پھانسی اور عمر قید کے سزایافتہ 12 مسلم نوجوان کی 19 سال بعد باعزت رہائی جیسی خدمات جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے خدمتِ خلق کی بہترین مثال بتائی۔
مولانا مدنی نے ضلعی اور مقامی ذمہ داروں سے کہا کہ آپ کی آواز اسی وقت طاقتور اور مؤثر ہوسکتی ہے، جب آپ کے ضلع میں زیادہ سے زیادہ مقامی جمعیتیں اور اراکین وممبران ہوں، آپ بھی اپنے اپنے حلقۂ اثر میں انسانیت کے بڑے بڑے کام کرسکتے ہیں، مولانا مدنی کے پر تاثیر خطاب پر لبیک کہتے ہوئے مقامی ذمہ داران نے وعدہ کیا کہ دیوگھر ضلع میں ایک سو مقامی جمعیتیں تشکیل دیں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ تربیتی اجلاس سے کارکنانِ جمعیۃ کے اندر نیا جوش اور عزم وحوصلہ پیدا ہوا۔
صوبائی صدر جناب مولانا حبیب الرحمن قاسمی نے علالت کے باوجود اپنے خطاب میں کارکنان کو حوصلہ دیتے ہوئے ان سے ضلع دیوگھر میں جمعیۃ کی اکائیوں کو متحرک وفعال کرنے کا عہدوپیمان لیا، اور نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دیوگھر جمعیۃ کو اپنا قیمتی وقت عنایت فرمایا۔
مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے دستورِ اساسی جمعیۃ علماء ہند کی روشنی میں مقامی جمعیتوں کی تشکیل وتحریک کے اصول وضوابط بتاتے ہوئے کہا صوبائی جمعیۃ نے پورے صوبہ میں مرحلہ وار تربیتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ صوبائی جمعیۃ کے دائرۂ کار میں وسعت دی جا سکے، اس کا آغاز ضلع دیوگھر سے کیا جارہا ہے، مفتی صاحبِ نے بتایا کہ نائب صدر جمعیۃ علماء ہند اپنے چار روزہ دورۂ جھارکھنڈ کے پہلے مرحلے میں دیوگھر، گڈا اور دمکا میں تربیتی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ صوبائی جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ 16 تا 21 جولائی بنگال کے چار اضلاع میں بھی تربیتی اجلاس میں مولانا سید اسجد مدنی شریک ہوئے، جس سے مقامی کارکنان کو تقویت ملی۔
یادرہے کہ پچھلے دنوں 3، 4 مئی 2025 کو دہلی میں جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کی صدارت میں منعقد کل ہند تربیتی اجلاس کے اعلامیہ میں صوبائی جمعیتوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ ضلعی جمعیتیں متحرک اور فعال کی جائیں اور زیادہ سے زیادہ مقامی جمعیۃ قائم کی جائے، چنانچہ اسی ہدایت کی تعمیل میں پورے ملک میں تربیتی اجلاس منعقد ہورہے ہیں۔

Leave a Response