Saturday, October 5, 2024
Blog

جمعیۃ علما ء جھارکھنڈ کے زیر اہتمام 22؍ستمبر کو رانچی میں تحفظ اوقاف کانفرنس کا انعقاد

مرکزی دفتر کی ہدایت کے مد نظر مشاورتی نشست میں لیا گیا فیصلہ : ڈاکٹرمحمد اصغر مصباحی


رانچی: جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے بتایا کہ گزشتہ 31؍اگست 2024کو مثالی اضلاع (رانچی ، چترا ، سمڈیگا ، دمکا ، گڈا ) کے صدور و نظماء اعلیٰ و کنوینر حضرات کی صوبائی دفتر جمعیۃ علما ء حواری مسجد ، کربلا چوک ، رانچی میں ایک اہم مشاورتی نشست زیر صدارت حضرت مولانا اسرار الحق صاحب مظاہری صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ منعقد ہو ئی ۔ مولانا محمد خالد صاحب قاسمی گیاوی ناظم دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت فرمائی ، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے انجام دیا اور مذکورہ نشست کے اغراض و مقاصد سے شرکاء کو روشناس کیا ۔

مولانا محمد خالد صاحب قاسمی نےدینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے تحت پروگراموں اور منصوبوں پر بھر پور روشنی ڈالی ، انہوں نے فرمایا کہ دینی تعلیمی بورڈ کے تحت جس طرح منظم ، مثالی اور مفید مکاتب کے قیام و استحکام کے لیے جد جہد جاری ہے ۔ جمعیۃ یوتھ کلب ، جمعیۃ ولج اور جمعیۃ اوپن اسکول کے قیام و فروغ کے لیے منصوبہ بندی کے ساتھ کوششیں ہو رہی ہیں ۔ علاوہ ازیں جمعیۃ کے دیگر شعبہ جات جیسے اصلاح معاشرہ ، ملت فنڈ وغیرہ کے لیے بھی زمینی سطح پر کام کرنے پر زور دیا جا رہا ہے ۔
مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے بتایا کہ صوبہ جھارکھنڈ کے لیے مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے مولانا محمد شمس تبریز صاحب رحمانی کو آرگنائزرمقرر کیا گیاہے ۔ جو فی الحال پانچ مثالی اضلاع میں آرگنائزر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے ۔ پھر حسب ضرورت دوسرے اضلاع میں بھی اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ اس لیے اضلاع کے تمام ذمہ داروں سے گزارش کی جاتی ہے کہ مکاتب کے قیام و استحکام، منظم و مفید بنانے کے لیے اور دیگر جمعیۃ علما ء کے شعبہ جات کو فروغ دینے کے لیے منصوبہ بندی پروگراموں کے ذریعہ جد و جہد جاری رکھیں ۔ اور حسب ضرورت آرگنائزر موصوف کو اپنے اپنے علاقے میں مدعوں فر ما ئیں یہ اپنی ذمہ داریوں کو بخیر و خوبی انجام دیں گے ۔ اور آپ کی بھر پور معاونت فرمائیں گے ۔
ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے مزید فرمایا کہ نشست مذکور میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کو مزید فعال و متحرک بنانے پر چند مفید مشورے آئے ۔ پورے صوبہ میں خصوصاً مثالی اضلاع میں مکاتب کا قیام منظم اور مفید بنانے نیز اصلاح معاشرہ کا پروگرام کرنے کے لیے مسلسل تحریک چلانے اور جمعیۃ یوتھ کلب ، جمعیۃ اوپن اسکول ، ملت فنڈکے قیام کے لیے تجویزیں آئیںاور ان امور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مثالی اضلاع کے ذمہ داروں نے یقین دلایا نیز عزم صمیم کے ساتھ ان امور کو روبہ عمل لانے کا عہد فرمایا ۔ شکیلیت ، قادیانیت و دیگر فرق باطلہ کے فتنوں کے سد باب کے لیے منصوبہ بند پروگراموں کے ذریعہ تحریکیں چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ رانچی میں رویت ہلال کمیٹی قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ۔ اخیر میں یہ بھی طے پایا کہ حکومت نے وقف ترمیمی بل جو پیش کیا ہے اس کے خلاف آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کی ہدایت کے مطابق تحریک چلائی جائے اور پروگراموں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے عوامی بیداری پیدا کرنے کے لیے مہم چلائی جائے ۔ انشا ء اللہ و تعالیٰ اسی مہم کے تحت آئندہ 22ستمبر 2024کو رانچی میں وقف ترمیمی بل کے سلسلے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کی غرض سے جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات سے بعد میں آگاہ کیا جائے گا ۔ مذکورہ نشست میں مولانا اسرار الحق صاحب مظاہری،مولانا محمد خالد قاسمی گیا وی ، مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی ، مولانا شمس تبریز رحمانی ، مولانا نعمت اللہ صاحب قاسمی دمکا ، مولانا بدر عالم صاحب رانچی ، مولانا آصف اللہ صاحب سمڈیگا ، مولانا رفیق عالم صاحب دمکا ، مولانا عبد القیوم صاحب بلسوکر ا ، محمد راشد حسین صاحب بلسوکرا ، مولانا شعیب اختر صاحب رانچی ، محمد ہاشم صاحب بلسوکر ا ، جناب شمس الدین صاحب دمکا ،حافظ جنید صاحب چترا و غیر ہم شریک ہوئے ۔

Leave a Response