اردو کی کمان ہمیں خود سنبھالنی ہوگی۔ڈاکٹر محمد ایوب


رانچی:انجمن فروغ اردو کے راتو بلاک میں اردو بیداری مہم کے حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی جس کی صدارت انجمن فروغ اردو کے سرپرست ڈاکٹر محمد ایوب نے کی۔اس پروگرام میں اس بات کا خیال رکھا گیا کہ اگلے تین ماہ میں ضلع رانچی کے کن کن علاقوں میں اور کن کن موضوعات پر پروگرام کرنے ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے ان دیہی علاقوں کا محاسبہ کرنا ہے جہاں اردو کے طلبا تو موجود ہیں لیکن ان تک کتابوں کی اور اساتذہ کی رسائی نہیں ہو پاتی ہے۔ایسی صورتحال میں ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو طلبا کی ایک میٹنگ کی جائے اور انہی طلبا سے ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے۔انجمن فروغ اردو ریاستی سطح پر میٹرک انٹر بی اے اور ایم اے کے طلبہ کے لیے جو توصیفی تقریب کرتی ہے،وہ قابل ستائش ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پروگرام میں توسیع کی جائے اور گاؤں گاؤں اس مہم کو پہنچایا جائے۔گاؤں اور بلاک کی سطح پر بچوں میں اردو سے محبت پیدا کی جائے۔ہماری یہی سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔جاڑی گاؤں کے صدر جناب انور حسین نے کہا کہ راتو کے علاقے میں اس طرح کے پروگرام کی اس علاقے میں اشد ضرورت ہے اور بچوں کی حوصلہ افزائی بہتر طریقے سے ہونی چاہیے تاکہ بچوں میں اردو پڑھنے سیکھنے اور لکھنے کا جذبہ پیدا ہو۔راتو بلاک کے کوآرڈی نیٹر ابرار عالم ندوی نے اس طرح کے پروگرام کو قابل ستائش بتایا۔پروگرام میں حصہ لینے والوں میں ڈاکٹر عبدالباسط،محمد شمیم عالم ندوی،ڈاکٹر محمد تنویر مظہر،محمد نسیم اختر،محمد خالد اختر،محمد غالب نشتر وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔پروگرام کی نظامت ابرار عالم ندوی نے فرمائی۔
